گڑگاؤں:(پریس ریلیز )
گڑگاؤں کے سیکٹر 29 لیزر ویلی پارک میں مسلسل دو ہفتہ سے نماز جمعہ کی ادائیگی پر بندش لگی ہوئی تھی۔ پولیس انتظامیہ نے کووڈ کیسز میں اضافہ کا حوالہ دے کر یہاں دو ہفتہ سے نماز بند کرادی تھی، جبکہ لیزر ویلی پارک میں ادا کی جا رہی نماز ان 6 مقامات میں سے ایک ہے، جن کی اجازت ضلع انتظامیہ نے دی ہوئی ہے، واضح رہے کہ لیزر ویلی پارک سیکٹر 29 نزدیک افکو چوک میٹرو اسٹیشن پر یہاں بڑی تعداد میں اہل اسلام کئی ہزار کی تعداد میں جمعہ کی نماز ادا کرتے آرہے ہیں، حالیہ دنوں میں اس مقام پر جمعہ کی نماز کی 4 سے لے کر 6 بار جماعت ہوتی رہی ہیں۔
گزشتہ دو ہفتے سے یہاں پر پولیس انتظامیہ جمعہ کی نماز ادا کرنے کو لے کر پریشر بنائی ہوئی تھی، جس کے بعد مسلمانوں سے جبر واکراہ کے ساتھ نماز بند کرادی تھی، جمعہ کی نماز کو لے کر مسلمان اضطرابی کیفیت سے دو چارتھے، تاہم گڑگاؤں جمعہ معاملہ میں سرگرمی سے معاملے کی پیروی کر رہے، سرگرم سماجی کارکن و جمعیۃ علماء ہریانہ کے ورکنگ کمیٹی کے اہم رکن نے جب اس معاملے میں پولیس افسران سے ملاقات کی اور اس معاملے میں بات کی اور اپنی بات دلیل سے رکھتے ہوئے کہا کہ جب 6 میں سے پانچ مقامات پر کسی نہ کسی صورت میں نماز ادا کی جا رہی ہے تو ایک ہی جگہ پر بندش کیوں لگائی جاتی ہے، جبکہ یہ واحد وہ جگہ ہے جہاں پر کثیر تعداد میں لوگ نماز ادا کرتے آئے ہیں، مولانا محمد صابر قاسمی نے پولیس انتظامیہ کو اس بات سے آگاہ کرکے قائل کرالیا، جس کے بعد آج تین بار جمعہ کی نماز کی جماعت ہوئی اور سیکڑوں فرزندان توحید نے جمعہ کی نماز ادا کی ۔
اس سلسلہ میں مولانا صابر قاسمی نے لیزر ویلی پارک میں نماز ادا کرانے کے منتظم و ذمہ دار توقیر علوی کو ساتھ لے کر پیر کو ڈی سی پی ایسٹ مقصود احمد سے ملاقات کی تھی، جبکہ کل دیر شام ڈی سی پی ویسٹ دیپک سہارن سے اس سلسلے میں تفصیلی بات چیت کی اور اس طرح بر وقت موثر اقدامات و کوششوں سے لیزرویلی پارک میں نماز جمعہ ادا کرانے میں کامیابی ملی جس سے اہل اسلام نے راحت کی سانس لی۔











