رائے پور :(ایجنسی)
رائے پور پولیس نے مدھیہ پردیش کے کھجوراہو سے کالی چرن مہاراج کو ’دھرم سنسد‘ میں مہاتما گاندھی کے خلاف مبینہ طور پر اشتعال انگیز تقریر کرنے پر گرفتار کیا۔ ان کے خلاف رائے پور کے ٹکراپارہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
رائے پور کے ایس پی پرشانت اگروال نے بتایاکہ کالی چرن مہاراج مدھیہ پردیش کے کھجوراہو سے 25 کلومیٹر دور باگیشور دھام کے قریب کرائے کے مکان میں رہ رہے تھے۔ رائے پور پولیس نے اسے آج صبح 4 بجے گرفتار کیا۔ پولیس ٹیم دیر شام تک ملزمان کے ساتھ رائے پور پہنچ جائے گی۔
مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے کالی چرن کی گرفتاری پر اعتراض کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں کالی چرن کی گرفتاری پر اعتراض ہے، وفاقی حکومت اس کی بالکل اجازت نہیں دیتی ہے۔ مدھیہ پردیش پولیس کو بتائے بغیر گرفتار کرنا غلط ہے۔میں نے مدھیہ پردیش کے ڈی جی پی کو اس بارے میں چھتیس گڑھ کے ڈی جی پی سے بات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
بتا دیں کہ سنت کالی چرن داس نے رائے پور دھرم سنسد میں ناتھورام گوڈسے کی کھل کر تعریف کی تھی اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کو گالیاں دی تھیں۔ دھرم سنسد کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد، رائے پور کے سابق میئر پرمود دوبے کی شکایت پر ٹکراپارہ تھانے میں کالی چرن داس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ کالی چرن کے متنازع بیان پر کافی تنقید ہوئی تھی، لوگ ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔










