نئی دہلی :(ایجنسی)
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے آج پارلیمنٹ میں مالی سال 2022-23 کا بجٹ پیش کیا۔ انہوں نے اسے کسانوں، خواتین اور نوجوانوں کا بجٹ بتایا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ اگلے 25 سال کا بلیو پرنٹ ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ خواتین کے لیے تین نئی اسکیمیں شروع کی جائیں گی۔ ہماری حکومت نے فوائد فراہم کرنے کے لیے خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت کی مشن شکتی، مشن وتسالیہ، سکشم آنگن واڑی اور پوشن 2.0 جیسی اسکیموں کو بڑے پیمانے پر از سر نو بنایا ہے۔ انہوں نے کہا، 2 لاکھ آنگن واڑیوں کو سکشم آنگن واڑیوںمیں اپ گریڈ کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ خواتین اور بچوں کی ترقی کے لیے تین اسکیمیں شروع کی گئی ہیں۔ بچوں کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے دو لاکھ آنگن واڑیوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ دماغی صحت سے متعلق کاؤنسلنگ کے لیے نیشنل ٹیلی مینٹل ہیلتھ پروگرام شروع کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ یہ عام بجٹ اگلے سالوں کے لئے ہندوستان کی معیشت کی بنیاد تیار کرے گا اور معیشت کا بلیو پرنٹ دے گا۔ اس کے ذریعے ہندوستان آزادی کے 75 سال سے 100 سال تک کا سفر طے کرے گا۔











