نئی دہلی :(ایجنسی)
وزارت برائے اطلاعات و نشریات حکومت ہند نے ایک بار پھر 20 یوٹیوب چینلز، 2 ٹوئٹر اکاؤنٹس، 2 انسٹاگرام اکاؤنٹس، 2 ویب سائٹس کے ساتھ ایک فیس بک اکاؤنٹ کو بلاک کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ یہ جانکاری وزارت کے جوائنٹ سکریٹری وکرم سہائے نے ایک پریس کانفرنس میں دی۔ ان چینلز پر 1.2 کروڑ سبسکرائبر تھے اور ان کے ویوز ملین میں تھے۔ ان تمام چینلز کے ذریعے بھارت مخالف پروپیگنڈہ کیا جا رہا تھا۔ وکرم سہائے نے بتایا کہ یہ تمام چینلز اور اکاؤنٹس پاکستان سے چلائے جاتے ہیں اور بھارت مخالف خبریں اور دیگر مواد پھیلاتے ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ سال دسمبر میں بھارت مخالف پروپیگنڈہ پھیلانے پر 20 یوٹیوب چینلز اور دو ویب سائٹس پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے کہا تھا کہ ہم نے بھارت مخالف پروپیگنڈہ اور جعلی خبریں پھیلانے والی ویب سائٹس کے خلاف کارروائی کی ہے۔ یوٹیوب چینل اور ویب سائٹ کا تعلق پاکستان سے چلنے والے پروپیگنڈہ نیٹ ورک سے ہے اور یہ بھارت سے متعلق مختلف حساس موضوعات کے بارے میں فرضی خبریں پھیلا رہے تھے۔ یہ معلوماتی جنگ کا ایک نیا طریقہ ہے اور حکومت اب اس کے بارے میں سخت ہو گئی ہے۔











