نئی دہلی :(ایجنسی)
کرناٹک میں جاری حجاب معاملہ کو لے کر جمعرات کو ہائی کورٹ کی بڑی بنچ میں سماعت ہوئی ۔ معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے کہا کہ جب تک اس معاملہ میں عدالت کوئی فیصلہ نہیں سناتی ہے ، تب تک طلبہ حجاب پہننے کی ضد نہ کریں ۔ عدالت نے کہا کہ اگلی سماعت تک طلبہ مذہبی ڈریس نہیں پہنیں گے ۔
معاملہ کی سماعت کے دوران عرضی گزار کی جانب سے پیش سنجے ہیگڑے نے کہا کہ کرناٹک ایجوکیشن ایکٹ میں یونیفارم سے متعلق کوئی خاص بندوبست نہیں ہے ۔ معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے کرناٹک ہائی کورٹ نے کہا کہ ہم اس معاملہ پر غور کررہے ہیں کہ کیا حجاب پہننا بنیادی حقوق کے تحت آتا ہے ۔ کرناٹک ہائی کورٹ میں اس معاملہ پر اب پیر کو سماعت ہوگی ۔
قابل ذکر ہے کہ ہائی کورٹ کے جسٹس دیکشت کی سنگل بنچ نے بدھ کو اس معاملہ کو چیف جسٹس ریتو راج اوستھی کو بھیج دیا ۔ ساتھ ہی جج نے کہا تھا کہ چیف جسٹس اس معاملہ کو دیکھنے کے لئے ایک بڑی بنچ تشکیل دینے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ ریاست کے اڈوپی ضلع کے سرکاری کالجوں میں پڑھنے والی کچھ مسلم لڑکیوں نے حجاب کے ساتھ کلاسوں میں داخلے پر پابندی کے خلاف درخواست دائر کی ہے ۔










