بھوپال ؍ نیمچ( ایجنسی)
مدھیہ پردیش کے نیمچ میں انسانیت کو تار تار کردینے والی واردات سامنے آئی ہے ۔ چوری کے شک میں ایک نوجوان کو ناصرف پیٹا گیا بلکہ ایک پک اپ سے باندھ کر گھسیٹا گیا ،اتنی تکلیف پہنچائی گئی کہ نوجوان نے دم توڑ دیا۔ پولیس نے معاملے میں چار ملزمین کو گرفتار کیاہے ۔ ملزمین نے نوجوان کے ساتھ ظلم وستم کا ویڈیو بھی بنایا ہے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے ۔ ویڈیو دیکھ کر لوگ ملزمین کے لیے سخت سے سخت سزا کی مانگ کررہے ہیں ۔
پولیس نے اس معاملے میں 8 لوگوں کی شناخت کی ہے جن میں سے 4 کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان تمام لوگوں کے خلاف قتل اور ایٹروسٹی ایکٹ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ ضلع نیمچ کے سنگولی تھانہ علاقہ میں پیش آیا۔ ایک بھیل آدیواسی کو چور ہونے کے شک میں کچھ لوگوں نے بری طرح پیٹا اور پھر بھی وہ مطمئن نہ ہوا ، پھر ایک پک اپ گاڑی کے پیچھے رسی سے اس کے پاؤں باندھ کر دور تک گھسیٹا ۔ اس کے بعد بھی نوجوان کو بے رحمی سے پیٹا گیا۔ نوجوان کو نیم مردہ کرکے ملزمین نے پولیس کو اطلاع دی کہ انہوں نے چور کو پکڑا ہے۔ موقع پر سنگولی پولیس پہنچی اور زخمی کو نیمچ ضلع اسپتال ریفر کیا گیا جہاں اس کی موت ہوگئی ۔
ملزمین نے اپنی بربریت کا ویڈیو بھی خود ہی بنایا اور وائرل کردیا۔ پولیس نے اس پورے معاملے میں باریکی سے جانچ کی تو پایا کہ جن لوگوں نے ویڈیو بنایا ہے ، انہی لوگوں نے مذکورہ آدیواسی شخص کو بری طرح پیٹا اور گاڑی کےپیچھے باندھ کر گھسیٹا۔ نیمچ ایس پی سورج ورما نے کارروائی کرتے ہوئے اس پورے معاملے میں 8 لوگوں کے خلاف قتل اور ایٹرو سٹی ایکٹ کا معاملہ درج کرنے کا حکم دیا۔ اہم ملزم مہندر کو فوراً گرفتار کرلیا گیا ۔ ملزم مہندر گوجر کی بیوی باندہ سے سرپنچ ہے۔
45سالہ متوفی کنہا عرف کنہیا بھیل باندہ کا رہنے والا تھا ۔ مرنے سے پہلے ویڈیو میں صرف دیکھا جا سکتا ہے کہ کنہیا بھیل ملزمین کے ہاتھ پیر جوڑ رہا تھا اور کہا رہا تھا کہ اس نے کچھ نہیں کیا ہے ۔








