لکش دیپ:(ایجنسی)
مسلم اکثریتی جزیرہ لکش دیپ میں اب جمعہ کو اسکولوں میں چھٹی نہیں ہوگی۔ لکش دیپ کے محکمہ تعلیم نے ایک نیا کیلنڈر تیار کیا ہے، جس میں اسکولوں کو جمعہ کے دن کام کرنے اور تمام اتوار کو چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔ کئی دہائیوں سے چلے آرہے ضابطہ کے مطابق جمعہ کو اسکولوں میں چھٹی ہوتی تھی، اب اس ضابطہ کو بدل دیاگیا ہے۔
پی ٹی آئی کی ایک رپورٹ کے مطابق لکش دیپ کے ایم پی محمد فیصل نے کہا کہ چھ دہائی قبل جب جزیروں میں تعلیم کو فروغ دینے کے لیے اسکول کھولے گئے تھے، تو جمعہ کو چھٹی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اورہفتہ کو ہاف ڈے ہوتا تھا۔ یہ فیصلہ اسکولوں کے کسی بھی باڈی ،ضلع پنچایت یا مقامی ایم پی کےساتھ بات چیت کئے بغیر لیاگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا فیصلہ عوام کے حقوق کے لیے صحیح نہیں، یہ انتظامیہ کا یکطرفہ فیصلہ ہے۔
بلدیاتی نظام میں جب بھی کوئی بدلاؤ لایا جاتا ہے تو اس پر لوگوں سے بحث کی جانی چاہئے۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ انتظامیہ نے طلباء کی مناسب حاضری اورسیکھنے کے عمل کی ضروری منصوبہ بندی کو یقینی بنانے کے لیے اسکول اوقات اور اسکول کی باقاعدہ سرگرمیوں میں تبدیلی کی ہے۔
آرڈر پر نظر ثانی کی درخواست
لکش دیپ ضلع پنچایت کے وائس چیئرمین اسسٹنٹ کونسلر پی پی عباس نے ایڈمنسٹریٹر کے مشیر پرفل کھوڈا پٹیل کو خط لکھ کر محکمہ تعلیم کے حکم پر نظر ثانی کرنے کی درخواست کی ہے۔
انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ لکش دیپ کی نسلی آبادی مسلمان ہے اور ان کے عقیدے کے مطابق جمعہ کو چھٹی ہوتی ہے اور جمعہ کے دن نماز جمعہ ادا کرنا ایک مذہبی عمل سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے سفارش کی کہ وہ منتخب نمائندوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلائے تاکہ اس مسئلے پر بات چیت کی جاسکے۔









