قنوج :(ایجنسی)
اتر پردیش میں تاجر پیوش جین کے گھر پر چھاپہ ماری کے بعد محکمہ انکم ٹیکس ایکشن موڈ میں ہے۔ اب پرفیوم بزنس مین محمد یعقوب پر انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کا شکنجہ کستا جا رہا ہے۔ جمعہ کو محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم نے محمد یعقوب کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔ای ڈی کے ذرائع کےمطابق چھاپوں کے دوران بھاری مقدار میں نقدی برآمد ہوئی ہے اور نوٹوں کی گنتی کے لیے مشینیں طلب کی گئی ہیں۔
بتادیں کہ جمعہ کی صبح سے عطر تاجر محمد یعقوب کے ٹھکانوںپر چھاپے کا سلسلہ جاری ہے۔ یعقوب کے ساتھ محکمہ انکم ٹیکس کے 4-5 افسران بھی لکھنؤ میں رہنے والے اس کے بھائی محسن کے گھر پہنچ گئے تھے۔ محسن حضرت گنج میں واقع اپنی کوٹھی میں رہتا ہے۔ قنوج میں عطر کے سب سے بڑے اورپرانے تاجروں میں شمار کئے جانے والے ملک میاں کے یہاں بھی چھاپہ مار کارروائی ہوئی تھی۔
انکم ٹیکس ٹیم نے جمعہ کو قنوج میں ایس پی ایم ایل سی پشپ راج جین عرف پمپی کے ٹھکانوں پر بھی چھاپہ مارا تھا۔ حالانکہ ایس پی ایم ایل سی کا دعویٰ ہے کہ 27 گھنٹے کی جانچ میں محکمہ انکم ٹیکس کو کچھ نہیں ملاہے۔ پشپ راج جین نے حال ہی میں اکھلیش یادو کے ہاتھوں سماج وادی پرعطر لانچ کیا تھا۔ پشپ راج اسی علاقے میں قنوج میں رہتے ہیں جہاں پیوش جین کا آبائی گھر ہے۔ اس کے ساتھ ہی دونوںپرفیوم بنانے کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔
پمپی کا کاروبار بیرون ملک پھیل چکا ہے
قنوج کے ساتھ -ساتھ ممبئی میں پمپی جین کے ٹھکانے پر بھی چھاپے مارے گئے۔ پشپ راج جین کی کمپنی پرگتی اروما کا ریجنل دفتر ممبئی میں ہے، وہاں بھی پر چھاپے مارے گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ممبئی آفس سے دبئی، ابوظہبی سمیت کئی ممالک میں پرفیوم درآمد کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ محکمہ انکم ٹیکس نے ممبئی کے ملاڈ میں بھی چھاپہ مارا تھا۔ اس جگہ کا تعلق پش پراج جین سے بھی ہے۔ یہ ٹیم یہاں واقع اشوکا انکلیو اپارٹمنٹ میں آئی تھی جو کچھ دیر بعد واپس لوٹ گئی۔










