سری نگر :(ایجنسی)
نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیر کبھی بھی پاکستان کا حصہ نہیں بنے گا ۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو گردوارہ شہید بنگا صاحب باغات برزلہ میں مقتول اسکول پرنسپل سپندر کور کے انتم ارداس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ فاروق عبداللہ نے سپندر کور کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ان درندوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ کشمیر کبھی پاکستان کا حصہ نہیں بنے گا۔ یہ بات آپ یاد رکھیں ۔ کشمیر ہندوستان کا حصہ ہے اور حصہ رہے گا چاہے کچھ بھی ہو جائے۔ کیوں نہ مجھے بھی گولی ماری جائے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے حوصلہ رکھنا ہے ۔ ان کا مقابلہ کرنا ہے۔ صرف آپ نے نہیں بلکہ ہم سب کو کرنا ہے۔ جب سب بھاگ گئے تو ایک قوم تھی جو یہیں رہی وہ آپ کی تھی ۔ ہمیں یہاں رہنا ہے اور یہیں مرنا ہے۔ مجھے آپ پر فخر ہے۔ آپ نے تب مجھے حوصلہ دیا ۔
بعد ازاں فاروق عبداللہ نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں، ہندووں ، سکھوں اور عیسائیوں کو مضبوطی کے ساتھ کھڑا رہنا ہوگا ۔ یہی ہماری کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک طوفان بپا ہے ، جس میں لوگوں کو مذہب کے نام پر تقسیم کیا جا رہا ہے ۔ اگر اس طوفان کو نہیں روکا گیا تو ہندوستان تباہ ہو جائے گا۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ سارے ہندوستان میں ایک طوفان بپا ہے اور مسلمانوں، ہندووں، سکھوں کو بانٹا جا رہا ہے ۔ بانٹنے کی اس سیاست کو بند کرنا ہوگا اگر اس کو بند نہیں کیا گیا تو ہندوستان بھی نہیں بچے گا ہم سب کو اکٹھے ہو کر رہنا ہے ۔










