لکھیم پور کھیری (ایجنسی)
اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری کے واقعہ کی ویڈیوز اب دھیرے دھیرے سامنے آنے لگی ہیں۔ کسانوں پر گاڑی چڑھانے والی ویڈیو کے بعد اب ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ٹکر مارنے والی گاڑی ’تھار‘ سے اتر کر کچھ لوگ بھاگتے نظر آ رہے ہیں۔ تھار جہاں رکی ہے اس کے پچھلے پہیے کے پاس ایک شخص زخمی حالت میں پڑا ہے اور پیچھے کئی لوگ بھاگتے نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو کو کانگریس ترجمان گورو ولبھ نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کیا ہے اور لکھا ہے ’’وسترولوجی (کپڑوں سے انسان کو پہچاننے کا فن) کے ماہرین آج ویڈیو دیکھ کر بھی اَن داتاؤں کے قاتلوں کو نہیں پہچان پا رہے ہیں۔‘‘
سوشل میڈیا میں وائرل ہو رہی ویڈیو میں ایس یو وی ’تھار‘ میں سوار دو لوگ کسانوں کو کچلنے کے بعد گاڑی سے بھاگتے نظر آ رہے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ مرکزی وزیر اجے مشرا کے بیٹے آشیش مشرا نے ہی تھار کو کسانوں کے اوپر چڑھایا تھا۔ واقعہ کے بعد گاڑی سے اتر کر وہ بھاگ گیا تھا۔ کہا یہ بھی جا رہا ہے کہ ویڈیو میں تھار سے نکل کر بھاگ رہے لوگوں میں آشیش مشرا بھی ہے۔ حالانکہ مرکزی وزیر اجے مشرا کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا واقعہ کی جگہ پر نہیں تھا۔










