سری نگر: (ایجنسی)
جموں و کشمیر میں پیر کو سری نگر کے پنتھ چوک علاقے میں سیکورٹی فورسز پر دہشت گردانہ حملے کی خبر سامنے آئی ہے۔ اس حملے میں 3 فوجی جوان شہید، جبکہ 11 جوان زخمی بتائے جارہے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ حملہ سیکورٹی فورسز کو لے جانے والی بس پر ہوا۔ یہ بس جموں و کشمیر کی 9ویں بٹالین کے پولیس اہلکاروں کو لے کر جا رہی تھی۔ اس واقعے کے بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔
یہ دہشت گردانہ حملہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک دن قبل اتوار کو پلوامہ ضلع میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں جیش محمد کا ایک دہشت گرد مارا گیا تھا۔ دراصل، سکیورٹی فورسز نے جنوبی کشمیر کے ضلع اونتی پورہ کے بارگام علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خاص اطلاع ملنے کے بعد محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی تھی اسی دوران دہشت گردوں نے ان پر گولیاں چلا دیں۔
سرچ آپریشن کے دوران گھرے ہوئے دہشت گرد کی موجودگی کا پتہ چلا تو انہیں ہتھیار ڈالنے کے لیے کافی موقع دئے گئے۔ حالانکہ انہوں نے انکار کر دیا اور مشترکہ تلاشی پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ یہ تصادم سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے شروع ہوا جس میں جیش محمد سے تعلق رکھنے والا ایک دہشت گرد مارا گیا۔ دہشت گرد کی شناخت سمیر احمد تانترے کے طور پر ہوئی ہے جو کہ بارگام کا رہنے والا ہے۔









