کانپور : (ایجنسی)
گورکھپور پراپرٹی ڈیلر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ایک اہم انکشاف ہوا ہے۔ منیش گپتا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اسے بے رحمی سے مارا پیٹا گیا۔ ان کے جسم پرسنگین چوٹ کے نشان ملے ہیں ۔ وہیں سر پر گہری چوٹ بھی لگی ہے ۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں پیٹ پیٹ کر قتل کا انکشاف ہوا ہے اور تقریباً پورے جسم پر سنگین چوٹ کے نشان ملے ہیں ۔
منیش گپتا کی مشکوک موت کے بعد ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں ، متوفی منیش گپتا کی بیوی سمیت اہل خانہ کو ڈی ایم وجے کرن آنند اور ایس ایس پی ڈاکٹر وپن ٹاڈا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے ۔ الزام ہے کہ دونوں افسر اہل خانہ کو پولیس والوں پر ایف آئی آر درج نہیں کرانے کے لیے آمادہ کررہے ہیں ۔

دراصل ، سکری گنج کے مہادیو بازار کے رہنے والے چندن سینی نے بتایا کہ وہ بزنس کرتے ہیں ۔ ان کے تین دوست گروگرام سے پردیپ چوہان (32)اور ہردیپ سنگھ چوہان (35) اور کانپور سے منیش گپتا (35) گورکھپور گھومنے آئے تھے ۔ چندن کے مطابق تمام دوست رئیل اسٹیٹ اور دیگر کاروبار کرتے ہیں ۔ الزام ہے کہ پیر کی رات تقریباً 12:30بجے رام گڑھ تال پولیس ہوٹل میں چیکنگ کرنے پہنچی ۔
پولیس نے پردیپ کو آئی ڈی دکھانے کے لیے بیدار کیا۔ اتنے پر پردیپ نے کہاکہ اتنی رات میں یہ چیکنگ کس بات کی ہو رہی ہے ۔ ہم لوگ کیا دہشت گردہیں؟ الزام ہے کہ اتنے پر ہی پولیس نےتھپڑ مارنا شروع کردیا۔ کچھ دیر بعد اس نے دیکھا کہ پولیس اہلکار منیش گپتا کو گھسیٹتے ہوئے باہر لے کر آئے ۔ وہ خون سے میں لتھ پتھ تھا۔ اس کے بعد پولیس منیش کو اسپتال لے گئی۔ جہاں اس کی موت ہوگئی۔










