گورکھپور ( ایجنسی)
اتر پردیش کے گورکھپور کے منیش گپتا قتل کیس میں ایک نیا انکشاف ہوا ہے۔ جس کرشنا پیلس ہوٹل میںمنیش کا پیٹ پیٹ کر قتل ہوا ،وہاں کا سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آیا گیاہے، جس یہ صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ منیش کی موت کے بعد بھی پولیس کس طرح سے بے رحم بنی رہی۔ اسے جانوروں کی طرح ٹانگ کر باہر لے جایا گیا۔ منیش کے دوستوں نے پہلے ہی یہ الزام لگایا تھا کہ ہوٹل کے کمرے سے اسے پولیس کھینچ کر باہر لائی تھی۔ پھر جانوروں کی طرح ٹانگ کر ہوٹل سے باہر لے گئی۔
یہ ویڈیو سامنے آنے پر گورکھپور پولیس پر بھی سوال کھڑے ہو گئے ہیں۔ دراصل پولیس افسران نے فوٹیج کی جانچ کرنے کی بجائے اس پر لاپروائی شروع کردی تھی۔ وہ اسے محض ایک حادثہ قرار دینے میں مصروف تھے ۔
اس کیس کی جانچ ایس آئی ٹی کررہی ہے ۔ اس نے ہوٹل مالک اور اسٹاف کے رول کو بھی مشتبہ مانا ہے ۔ پہلے دن سے ہوٹل انتظامیہ دعویٰ کررہی ہے کہ سی سی ٹی وی کے ڈی وی آر پولیس لے گئی، لیکن حادثہ کا ویڈیو سامنے آنے کے بعد ہوٹل مینجمنٹ کے رول پر سوال کھڑے ہورہے ہیں ۔










