نئی دہلی :(ایجنسی)
آج تبلیغی جماعت کےخلاف مملکت سعودیہ عربیہ کی وزارت شئون اسلامیہ کےبیان کےپس منظر میں جمعیۃ علماء ہند کےصدر مولانا ارشد مدنی نے ہندوستان میں سعودی سفیر محترم سعود محمد بن ساطی سےملاقات کے دوران کہاکہ جماعت تبلیغ کے سلسلہ میں مملکت سعودیہ کی وزارت شئون اسلامیہ کا بیان پورے عالم کےمسلمانوںکے لئے انتہائی تشویش کا سبب بن گیاہے، چونکہ جماعت تبلیغ دیوبندمکتب فکرکی جماعت ہے۔ اس لئے یہ امر دارالعلوم دیوبنداورجمعیۃ علماء ہند کے لئے بھی تشویش کا باعث ہے۔ مملکت سعودیہ اپنے ملک کے اندر جماعت کے بارے میں کیا موقف اختیار کرتی ہے ہمیں اس سے کوئی بحث نہیںاورنہ ہم نے کبھی اس سلسلہ میںکوئی بات کی ہے، لیکن اس وقت وزارت شئون اسلامیہ کی طرف سے جماعت تبلیغ پر جس طرح کی تہمت لگائی گئی ہےصرف جماعت تبلیغ ہی کے لئے نہیں بلکہ تمام مسلمانوںاورخاص طور پر دین اورمذہب سے وابستہ لوگوںکے لئے بہت تکلیف دہ ہے۔ ہم نےیہ چاہا کہ ہم اپنی اس تکلیف اورجذبات کومملکت سعودیہ کے سفیر محترم کےواسطہ سے وزیرشئون اسلامیہ تک پہنچائیں اور ان کے اس بیان کے نتیجہ میں کیا مشکلات اور بدترین نتائج دین سے وابستہ مسلمانوں کو پہنچ سکتے ہیں ان سے باخبر کردیں۔
مجھے بڑی خوشی ہے کہ سفیرمحترم نے بڑے اچھے ماحول میںمیرے خط کو پڑھا اوراس موضوع پر گفتگو کی اور اس سلسلہ میں مجھے بہتر سے بہتر تعاون دینے کا انہوں نے مجھ سے وعدہ کیا ہےاور یہ بھی فرمایا ہے کہ تم یہ سمجھ لوکہ یہ خط وزارت شئون اسلامیہ تک پہنچ چکا ہے وہاں سے مجھے یہ توقع ہے کہ تمہاری توقع کےمطابق جواب آئے گا۔ میںمحترم سفیر کا ان کے حسن واخلاق اوراچھے ماحول میں گفتگو کرنے پر بہت ممنون ومشکورہوں اورمجھے یقین ہےکہ ان شاء اللہ وہ ہمارے بہترین ترجمان ثابت ہوں گے اور ہماری اس گفتگو اورتحریر کے ان شاءاللہ خاطر خواہ نتائج سامنےآئیں گے ۔









