اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ پر عسکری کنٹرول کا ارادہ رکھتا ہے۔ امریکی میڈیا کو انٹرویو میں نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اپنی سلامتی یقینی بنانے کیلئے ہمارا غزہ پر کنٹرول کا ارادہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم غزہ پر حکمرانی نہیں چاہتے، غزہ کو سویلین حکومت کے حوالے کریں گے۔ غزہ پر حماس یا اسرائیل کی تباہی چاہنے والوں کی حکمرانی نہیں چاہتے۔
اسرائیلی وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنی آزادی چاہتے ہیں اور غزہ کے لوگوں کو حماس کی دہشت گردی سے آزاد کرانا چاہتے ہیں دوسری جانب اسرائیلی یرغمالیوں کے لواحقین نے کشتیوں پر سوار ہو کر غزہ کی پٹی کے ساحل کے قریب مارچ کیا اور نیتن یاہو حکومت سے جنگ روکنے کا مطالبہ کیا۔
غزہ سے عرب میڈیا کے مطابق کشتیوں پر اسرائیلی اور جنگی قیدیوں کی نشاندہی کرنے والے پیلے رنگ کے پرچم لہرائے گئے۔ شایئٹٹ فلوٹیلا جمعرات کو عسقلان کی بندرگاہ سے غزہ کی ساحلی پٹی کے جانب روانہ ہوئے تھے۔ منتظمین کے مطابق فلوٹیلا مارچ کے ذریعے یرغمالیوں کے لواحقین غزہ میں قید اپنے پیاروں کے قریب ہو کر اظہار یکجہتی کرنا چاہتے ہیں۔
دریں اثنا یرغمالیوں کے لواحقین نے غزہ کی پٹی کے خلاف کسی بھی نئے اسرائیلی جارحانہ اقدام کی مخالفت کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ غزہ پر ممکنہ اسرائیلی فوجی چڑھائی یرغمالیوں کی جانیں خطرے میں ڈال سکتی ہے










