پٹنہ :(ایجنسی)
بہار کے نئے چیف سکریٹری عامر سبحانی نے جمعہ کی شام چار بجے چارج سنبھال لیا۔ سبکدوش ہونے والے چیف سکریٹری تریپوراری شرن نے انہیں اپنا چارج سونپا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عامر سبحانی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد کہا کہ وہ ریاستی حکومت کے کاموں اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے تیزی سے کام کریں گے۔ یہ میری ترجیح ہوگی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف سکریٹری نے کہا کہ تمام محکموں اور افسران کے تعاون سے وہ ریاست کے پروگراموں کو بہتر طریقے سے نافذ کر ائیں گے۔ اس کے علاوہ، مرکزی حکومت کے ساتھ تال میل بنائیں گے۔ کورونا انفیکشن کے چیلنج کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پوری حکومت اس کے بارے میں تیار اور چوکنا ہے۔ وزیر اعلیٰ خود روزانہ اس کا جائزہ لیتے ہیں۔ اس کے فوراً بعد تمام عہدیداروں نے چیف سیکرٹریٹ کے آڈیٹوریم میں سبکدوش ہونے والے چیف سیکریٹری کو الوداع کہا۔ سبھی نے تریپوراری شرن کی آنے والی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دوسری طرف تریپوراری شرن نے کام میں تعاون کرنے پر تمام عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔
عامر سبحانی اپنے بیچ کے ٹاپر
سینئر آئی اے ایس افسر عامرسبحانی، جنہیں بہار کے نئے چیف سکریٹری کے طور پر مقرر کیا گیا ہے، یونین پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ منعقدہ سول سروسز کے 1987 بیچ کے امتحان میں ٹاپر ہیں۔ شماریات اور فارسی ادب ان کے مضامین تھے۔ طویل عرصے تک محکمہ داخلہ میں سکریٹری، پرنسپل سکریٹری اور ایڈیشنل چیف سکریٹری رہنے سے پہلے وہ پٹنہ، بھوجپور اور متحدہ بہار کے مغربی سنگھ بھوم ضلع کے ڈی ایم بھی تھے۔
عامر سبحانی بنیادی طور پر ضلع سیوان کے بڈھریا تھانہ علاقے کے تحت واقع بہوارا گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ وہ اس وقت ریاست کے ترقیاتی کمشنر کے طور پر تعینات تھے۔ انہوں نے بہار انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن اینڈ رورل ڈیولپمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل کا اضافی چارج بھی سنبھالا۔ مسٹرسبحانی کو اس سال 28 فروری کو اعلیٰ پے اسکیل (چیف سکریٹری سطح) پر ترقی دی گئی تھی۔ اس کے بعد 28 فروری کو انہیں ترقیاتی کمشنر بنایا گیا۔ ان کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ 30 اپریل 2024 ہے۔ اس طرح وہ دو سال چار ماہ تک چیف سیکریٹری کے عہدے پر رہیں گے۔ موجودہ چیف سکریٹری تریپوراری شرن 31 دسمبر یعنی جمعہ کو سروس سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔ شری شرن کو دو بار خدمت کی مدت میں تین ماہ کاایکسٹینشن ملا تھا۔










