نئی دہلی : (ایجنسی)
این ڈی ٹی وی لمیٹڈ نے حصول کے بارے میں اٹھ رہی خبروں پر اپنا بیان جاری کیا ہے۔ کمپنی نے کہا کہ یہ سب افواہیں ہیں ، ہماری کمپنی کی ملکیت کو تبدیل کرنے اور سرمایہ کاری کی کوئی بات چیت نہیں چل رہی ہے ۔ کمپنی نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ پرنائے رائے اور رادھیکا رائے ، جوکہ پیشہ سے صحافی ہیں ،ان کے پاس کمپنی کا 61.45 فیصد شیئر ہیں اوران کے ہی کنٹرول میں ہے ۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اسے نہیں معلوم کہ اچانک کمپنی کے حصص میں اچھال کیوں آیاہے۔ کمپنی کےبیچے جانے کو لے کر اٹھ رہی افواہوں پر این ڈی ٹی وی نے کہا کہ وہ ان افواہوں والی رپورٹس کو نہ ہی کنٹرول کرتی ہے اورنہ ہی اس میں حصہ لیتی ہے ۔
بتادیں کہ کئی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ اڈانی گروپ دہلی واقع ایک میڈیا ہاؤس کا حصول کررہا ہے ۔ اس کےبعد لوگ این ڈی ٹی وی کو لے کر اندازہ لگانے لگے۔ جس کےبعد کمپنی کے شیئروں میں اچھال دیکھا گیا۔
بی ایس ای پر آج این ڈی ٹی وی کا اسٹاک 7.20 روپے بڑھ کر 79.65 روپے پر آگیا۔ وہیں این ایس ای پر 7.25 روپے اضافے سے 79.85 روپے پر پہنچ گیا۔ دونوں ایکسچینج میں آج 10 فیصد کا اپر سرکٹ نصب کیا گیا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اڈانی انٹرپرائزز کے ذریعہ گروپ کی میڈیا پہل کی قیادت کرنے کے لیے تجربہ کار صحافی سنجے پگلیا کو سی ای او اور چیف ایڈیٹر کے طور پر شامل کیا ہے۔ اس سے پہلے پگلیا دی کوئنٹ کے ساتھ جڑے تھے ۔









