بیروت :
اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے بیرون ملک سیاسی امور کے سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ 10 سے 21 مئی تک غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملے کے دوران فلسطینی مزاحمتی قوتوں نے صہیونی دشمن کو شرمناک شکست سے دوچار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لڑائی ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ اس معرکے میں اللہ نے ہمیں نصرت اور آزادی کی خوش خبری دی ہے۔
خالد مشعل نے لبنان کی وادی البقاع میں نصرت مارچ سے خطاب میں کہا کہ ہم نے صہیونی دشمن کو بدترین شکست سے دوچار کیا ہے اور ہم نے اس معرکے میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔
ہم خوشی کے ساتھ اپنی فتح کا جشن منا رہے ہیں۔ ہماری پاک سرزمین پر قابض دشمن کا کوئی مستقبل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل میدان جنگ میں جو کامیابی حاصل نہیں کرسکا وہ سیاسی میدان میںحاصل کرنا چاہتا ہے۔ دشمن ہمیں القدس اور الاقصی، الشیخ جراح کے معاملے میں مشتعل کررہا ہے اور اپنے جرائم کو عرب ممالک کیساتھ دوستانہ تعلقات کی آڑ میں چھپانا چاہتا ہے۔ قابض دشمن ہمارے خلاف ہرمقام پر سازش کررہا ہے۔ امریکا اسرائیل کو محاذ جنگ پر پہنچنے والے نقصان کا خسارہ پورا کرنے کی کوشش کررہا ہے۔










