چنڈی گڑھ :(ایجنسی)
خفیہ اداروں نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب میں مزید دہشت گرد حملے ہو سکتے ہیں۔ ایجنسیوں نے ریاستی پولیس سے کہا ہے کہ وہ ہوشیار رہے اور سوشل میڈیا پر بھی کڑی نظر رکھیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ایک سینئر افسر نے کہا کہ کئی سیکورٹی مشیروں نے ریاستی پولیس کو دہشت گردانہ سرگرمیوں کے بارے میں الرٹ کر دیا ہے۔ صورتحال پر گہری نظر رکھتے ہوئے مرکزی ایجنسیاں بھی ریاستی پولیس اور مقامی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق سینئر افسر نے کہا کہ ہم نے ریاست کے انٹیلی جنس افسران کے ساتھ میٹنگ کی ہے اور انہیں دہشت گردانہ سرگرمیوں کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ ہم نے ان سے کہا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں پر نظر رکھیں اور موجودہ حالات میں پنجاب کشمیر سے زیادہ نازک ہے۔ عہدیدار نے کہا کہ گزشتہ چند مہینوں میں سرحدی علاقوں میں ڈرون کی سرگرمیاں بڑھی ہیں اور اس بات کا خدشہ ہے کہ ریاست میں امن و امان کو خراب کرنے کے لیے دھماکہ خیز مواد کی اسمگلنگ کی جارہی ہے۔ گزشتہ چند ماہ سے سرحد سے ملحقہ علاقوں میں ڈرون کی سرگرمیاں مسلسل دیکھی جا رہی ہیں، اس لیے اس وارننگ کو بہت سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔
بتادیں کہ لدھیانہ کی ایک عدالت کے احاطے میں ہوئے بم دھماکے کو لے کر کئی طرح کے سوالات اٹھ رہے ہیں۔ یہ دھماکہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب پنجاب میں توہین مذہب کے واقعات پر شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔










