نئی دہلی؛اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامن نیتن یاہو نے منگل کے روز انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام میں ہونے والے دہشت گردی کے واقع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل انڈیا کی حمایت جاری رکھے گا۔
ایکس پر جاری ایک بیان میں اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامن نیتن یاہو نے انڈیا کے وزیرِ اعظم نرندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے عزیز دوست نرندر مودی میں اس وحشیانہ حملے سے بہت غمزدہ ہوں جس میں درجنوں بے گناہوں کی ہلاکت ہوئی اور متعدد لوگ اس میں زخمی ہوئے۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’ہماری دُعائیں متاثریں اور اُن کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اسرائیل ہمیشہ کی طرح اب بھی دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں انڈیا کے ساتھ کھڑا ہے۔‘
روسی صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے بھی انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس ’سفاکانہ جرم کا کوئی جواز نہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ہم توقع کرتے ہیں کہ اس میں ملوث افراد کو سخت سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ میں اور پوری روسی قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انڈیا کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں۔‘
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں ’مسلح حملے‘ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ ’شہریوں کے خلاف حملے کسی بھی صورت میں ناقابل قبول ہیں۔‘
سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے پہلگام میں 22 اپریل کو ہونے والے مسلح حملے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا کہ اس طرح کے واقعات کی جس قدر بھی مزمت کی جائے وہ کم ہے۔‘
جرمن چانسلر اولاف شولز کی جانب سے بھی پہلگام میں دہشت گردوں کے حملے میں 26 سے زائد افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
جرمن چانسلر نے ایک پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم پہلگام میں سیاحوں کے خلاف گھناؤنے دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ہماری ہمدردیاں متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور ہم تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔ ہماری دلی تعزیت انڈیا کے عوام کے ساتھ ہے۔‘
یورپی یونین کی سربراہ ارسلا وان ڈیر لیئن نے کشمیر میں مسلح افراد کے ہاتھوں کم از کم 26 افراد کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’گھناؤنا دہشت گردانہ حملہ‘ قرار دیا ہے۔
انھوں نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے نام ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ ’پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے نے آج بہت سے بے گناہ لوگوں کی جانیں لیں۔ آپ اس آزمائش میں مضبوطی سے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔‘ یورپی کمیشن کی سربراہ نے مزید کہا کہ ’یورپ آپ کے ساتھ کھڑا رہے گا۔‘
سری لنکا کی وزارت خارجہ نے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انڈیا کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
سری لنکا کی وزارت خارجہ کی جانب سے ایکس پر جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سری لنکا آج پہلگام میں ہونے والے گھناؤنے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتا ہے۔ ہم متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔ سری لنکا ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انڈین حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم علاقائی امن و سلامتی کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔‘
نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے ایکس پر اپنے ایک بیان میں انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ ’نیوزی لینڈ کشمیر میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ہم متاثرین، ان کے اہل خانہ اور انڈین عوام کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم اس مشکل وقت میں اپنے انڈین دوستوں کے ساتھ کھڑے