کابل :
طالبان نے کابل حکومت کے خلاف عسکری دباؤ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران انہوں نے مزید چھ اضلاع پر قبضہ کر لیا ہے۔
متعدد حکومتی اہلکاروں نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب طالبان جنگجو ملک کے شمال میں تخار اور فاریاب کی صوبائی دارالحکومتوں کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔ یکم مئی کو افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کا آغاز ہوا تھا اور اس کے بعد سے مجموعی طور پر طالبان 41 اضلاع پر کنٹرول حاصل کر چکے ہیں۔ افغانستان کے 34 صوبے تقریباً چار سو اضلاع میں تقسیم ہیں۔










