کراچی : (ایجنسی)
افغانستان کے لیے پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے بتایا ہے کہ پاکستان نے طالبان حکومت کو سی پیک میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ خان نے خبر رساں ادارے روئٹرز کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں یہ بات کہی۔ ان کے بقول طالبان کی قیادت سے سی پیک اور دیگر منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے، جس کا مقصد افغان معیشت کو سہارا دینے کے مواقع تلاش کرنا تھا۔
‘چین پاکستان اکنامک کوریڈور‘ یا سی پیک بیجنگ حکومت کے وسیع تر ‘بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹوو‘ کا حصہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت چین قرضوں کی صورت میں پاکستان میں ساٹھ بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتا ہے۔
کراچی اسٹاک ایکسچینج کے سابق چیئرمین اور سرکردہ کاروباری شخصیت ظفر موتی نے ڈی ڈبلیو اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا، ’’پاکستان کی جانب سے یہ حکمت عملی ضروری تھی کیونکہ سی پیک کے بڑے باس یعنی چین نے اشارہ دیا ہے کہ طالبان کو سی پیک میں شرکت کی دعوت دی جائے۔‘‘









