نئی دہلی: (ایجنسی)
لڑکیوں کی شادی کی عمر کو لے کر ایک بڑی خبر آرہی ہے۔ ذرائع سے ملی معلومات کے مطابق کہ مرکزی کابینہ نے ملک میں لڑکیوں کے لیے شادی کی قانونی عمر 18 سے بڑھا کر 21 سال کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ بدھ کو ہونے والے کابینہ اجلاس میں اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے لیے حکومت موجودہ قوانین میں ترامیم لائے گی۔
بتا دیں کہ پہلی بار پی ایم نریندر مودی نے گزشتہ سال 15 اگست کو لال قلعہ سے اپنے خطاب میں اس کا ذکر کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ بیٹیوں کو غذائی قلت سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ ان کی صحیح وقت پر شادی کی جائے۔ اس وقت مردوں کے لیے شادی کی کم از کم عمر 21 اور لڑکیوں کے لیے 18 سال ہے۔ اب حکومت اسے ایک شکل دینے کے لیے پرہیبیشن آف چائلڈ میرج ایکٹ، اسپیشل میرج ایکٹ اور ہندو میرج ایکٹ میں ترامیم لائے گی۔
نیتی آیوگ میں جیا جیٹلی کی سربراہی والی ٹاسک فورس نے اس کی سفارش کی تھی۔ وی کے پال بھی اس ٹاسک فورس کے رکن تھے۔ ان کے علاوہ صحت اور خاندانی بہبود ، خواتین و اطفال کی ترقی، اعلیٰ تعلیم، اسکولی تعلیم اور خواندگی مشن اور وزارت انصاف و قانون کے بل محکمہ کے سکریٹری ٹاسک فورس کے رکن تھے۔









