ممبئی : (ایجنسی)
بابائے قوم گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر اداکاراور ہدایت کار مہیش منجریکر نے اعلان کیا کہ وہ ’ گوڈسے‘ نامی فلم کو ہدایت کریں گے ۔ اس فلم کو نریندر مودی پر فلم ’ پی ایم نریندر مودی ‘ بنانے والے سندیپ سنگھ بنا رہے ہیں ۔ مہیش منجریکر نے فلم کا ٹیزر پوسٹر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرکے بتایا کہ یہ ایک ایسی کہانی ہے جسے بتانے کی ہمت کسی میں نہیں ہوئی۔ وہیں سندیپ سنگھ نے کہاہے کہ وہ ’ گوڈسے‘ کو اپنی پہلی ہی فلم بنانا چاہتے تھے ۔ ان کاکہنا ہے کہ گوڈسے کی کہانی ایسی ہے جسے سینما کے چاہنے والوں کے سامنے لانا ضروری ہے ۔
مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر ان کے قاتل ناتھو رام گوڈسے پر مبنی فلم کا اعلان کرنے کو لے کر عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے سندیپ سنگھ پر نشانہ سادھا ہے ۔ انہوں نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے فلم کا ٹیزر پوسٹر شیئر کیاہے اور لکھا ہے ’’ مودی جی کی زندگی پر فلم بنانے والے فلم ساز اب دہشت گرد گوڈسے کوگلوریفائی کرنے کی ہوشیار کوشش کے تحت ’’گوڈسے‘‘ پر فلم بنانے جارہے ہیں ۔ یہ فلم کا پوسٹر ہے ۔ مودی جی کیا آپ نے یہ فلم بنانے کی اجازت دی ہے ۔ ؟
بالی ووڈ ہدایت کار اویناش داس نے بھی گوڈسے پر فلم بنانے پر اعتراض کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا ، ’باپو اس لئے ہمیشہ بڑے رہیں گے ، کیونکہ وہ اپنے قاتل کو بھی معاف کردینے کی طاقت رکھتے تھے ۔ ( آج یہ فلم کااعلان ہوا ہے اور اس فلم کے پروڈیوسر وہی ہیں جنہوں نے مودی پر فلم بنائی تھی !)
فلمسازونود کپاڑ ی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹیگ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ،’یہ سب صرف نریندر مودی کی رضامندی سے ہی ہو رہا ہوگا۔ اگر منھ میں گاندھی اور بگل میں گوڈسے نہیں ہوتا تو اب تک پرگیہ جیسے لاکھوں کو پارٹی میں شامل نہ کیا جاتا۔ یہ سب گاندھی کو بتدریج بدنام کرنے اور نہرو کی طرح حاشیہ پر دھکیلنے کی سازش ہے، جس میں کبھی کامیابی نہیں ملے گی۔
صحافی اجیت انجم نے بھی سندیپ سنگھ کی آنے والی فلم پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا ،’مودی پر فلم بنانے والا سندیپ سنگھ اب گوڈسے پر فلم بنائے گا… سوچ اور فکر کا کنکشن دیکھئے ۔ گاندھی کا قاتل کو گلوریفائی کرنے والی جماعت کا کل گوتر ایک ہی ہے ۔
اجیت انجم نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا ،’وزیر اعظم جی آپ گاندھی کا بار بار ذکر کرتے ہیں ۔ راج گھاٹ پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور آپ کی حکومت میں آپ پر فلم بنانے والا گاندھی کے قاتل کوگلوریفائی کرنے کے لیے فلم بنانے کا اعلان کررہا ہے ۔ ایسا کیسے ہوسکتا ہے سر؟‘










