رام پور :(نامہ نگار)
سماج وادی پارٹی کے قدرآورلیڈر اوررام پور سے ممبرپارلیمنٹ کے اعظم خاں کے صاحبزادے اور سوار سیٹ سے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے امیدوار عبداللہ اعظم نے کہا ہے کہ انہیں ان پولیس اہلکاروں پر بھروسہ نہیں ہے جنہیں ان کی حفاظت کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ سیکورٹی پر تعینات پولیس اہلکار ہی انہیں گولی مار سکتے ہیں۔ حال ہی میں سیتا پور جیل سے ضمانت پر باہر آئے عبداللہ اعظم نے کہا کہ ان کی حفاظت ان کے مالک کے بھروسے ہے۔
عبداللہ اعظم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ افسران ہیں، پولیس آپ کے ساتھ ہے، دودو- حکومتیں ہیں۔ میں اکیلا ہوں، میرے ساتھ کوئی بھی نہیںہے۔ میرے ساتھ جو پولیس والےچل رہے ہیں، ان پر ہی بھروسہ نہیں ہے کہ وہی کسی چیزمیں رکھ دیں، وہی گولی ماردیں،میں تو اکیلاہوں، میری حفاظت بس میرا مالک کرتاہے۔ اس کےعلاوہ جو میرے ساتھ لوگ رہتےہیں ، وہ کرتےہیں ۔ مجھے کسی کا تحفظ نہیں چاہئے۔
آپ کے ساتھ جو سیکورٹی اہلکارہیں ان سے خطر ہ ہے آپ کو؟ یہ پوچھے جانے پر عبداللہ نے کہاکہ ’’ انہیں میری سیکورٹی کے لیے نہیں، میری ریکی کے لیے تعینات کئے گئے ہیں کہ میں کب کہاں ہوں اورکس سے مل رہاہوں۔ وہ میری سیکورٹی کےلیے نہیںلگائے ہیں ،یہ اطلاع دینے کےلیے لگائے گئے ہیں کہ کب کس سے مل رہاہوں۔‘‘
واضح رہے کہ عبداللہ اعظم کو ایس پی نے سوار سیٹ سے امیدوار بنایا ہے ۔ وہ 2017 میں بھی اس سیٹ سے الیکشن جیتے تھے، لیکن ڈیٹ آف برتھ غلط پائے جانے کی وجہ سے بعد میں انہیں ایم ایل اے سے ہاتھ دھونا پڑا۔ اس بار بھی ایس پی کو ان کی نامزدگی خارج ہونے کی شک ہے،اس لئے اعظم خاںکی بیوی تزئین فاطمہ کےنام سے بھی پرچہ داخل کیا گیاہے ۔











