غازی آباد :(ایجنسی)
اترپردیش کےعوام من بنا چکے ہیں ،یہاں سے کوئی سرپرائز نہیں آنے والاہے،اصلی سرپرائزگجرات سے آئےگا۔ یوپی کے الیکشن وہاں ہیں۔ غازی آبادمیں ایس پی – آر ایل ڈی گٹھ بندھن کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادوکے تیور بی جے پی پر تلخ نظر آئے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست سے بی جے پی کا سیاسی پلاین طے ہے۔ آر ایل ڈی سربراہ جینت چودھری نے پردیش کی ترقی میں مغربی یوپی کا بڑا تعاون بتایا۔
اس موقع پر سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے یوپی اسمبلی انتخابات کو لے کر بڑا اعلان کیا ہے۔ ایس پی سربراہ نے ہفتہ کواعلان کیا کہ اگر ایس پی-آر ایل ڈی کی حکومت اقتدار میں آتی ہے تو 10 روپے میں پیٹ بھر کھانا کھلایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی اگر کسی کی موت سانڈ کے حملے سے ہو جاتی ہے تو اسے پانچ لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا۔
اکھلیش نے یہ باتیں غازی آباد میں ایس پی-آر ایل ڈی کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس دوران ایس پی سربراہ نے بی جے پی کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی حکومت بننے پر سماج وادی کینٹین ، سماج وادی کرانہ اسٹور قائم کیے جائیں گے۔ جہاں غریب مزدوروں، راہگیروں، بے گھروں کو سستی شرحوں پر راشناوردیگر اشیاء مل سکیں گی۔ اس کینٹین میں 10 روپے میں تھالی ملے گی۔
مزید یہ کہ ایس پی سربراہ نے روزگار کے حوالے سے بڑے بڑے وعدے بھی کئے۔ انہوں نے کہاکہ منریگا کی طرح، ہم ارنب ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ کو بھی لاگو کرنےکا کام کریں گے ۔ جس سے بہت سارے نوجوان جو شہر میں آتےہیں،انہیں روزگار اور نوکری دلا سکیں۔
بی جے پی پر نشانہ لگاتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ اس الیکشن میں بی جے پی غازی آباد کے غازی پور بارڈر سے لے کر پوروانچل کے غازی پور تک میں صاف ہوجائے گی ۔ ایس پی- آر ایل ڈی گٹھ بندھن اسمبلی انتخابات میں تاریخی جیت درج کرنے جارہاہے ۔
جینت چودھری کے ساتھ اتحاد کو لے کر بی جے پی کی طرف سے کئے جارہےحملے پر بھی اکھلیش نے زور دار پلٹ وار کیا۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہم اور جینت چودھری دونوں مل کر کسانوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی منفی سیاست کر رہا ہے تو بی جے پی کر رہی ہے۔ ہم دونوں منفی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں… ہم سب ایک ہیں اور گنگا جمنی تہذیب کو آگے لے کر خوشحالی کی راہ پر گامزن ہونا چاہتے ہیں۔ ایس پی کی حکومت بننے پر گنے کے کاشتکاروں کے بقایا جات 15 دن میں ادا کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ مغربی یوپی میں کسانوں کے احتجاج اور حکومت مخالف لہر کی وجہ سے بی جے پی پریشان نظر آ رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ خود جاٹ لینڈ میں بی جے پی کی کمان سنبھال رہے ہیں۔ انہوں نے ماضی میں جینت چودھری کو بھی اپنے ساتھ آنے کی دعوت دی تھی، جس پر آر ایل ڈی سربراہ نے سخت جواب دیا تھا۔











