فوربس : (ایجنسی)
اسلامی اسٹیٹ آف عراق اینڈ سیریا جو کہ ’آئی ایس آئی ایس‘ کے نام سے زیادہ معروف ہے ایک موقع پر یہ تنظیم اپنے فنڈز اور مالی وسائل کے لحاظ سے انتہائی باوسائل اور امیر سمجھی جاتی رہی ہے اور اسے کرہ ارض پر اپنے دہشت گردانہ اور باغیانہ اقدامات کے لیے مکمل وسائل حاصل تھے۔
یہاں تک کہ اس کے پاس موجود بڑے پیمانے پر مالی وسائل کی بنیاد پر اس نے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام شامل کروایا۔
آئی ایس آئی ایس کو سب سے پہلے فوربس نے 2014 میں امیر ترین دہشتگرد تنظیم قرار دیا، اور اس نے مالی وسائل کے معاملے میں دیگر گروپس جس میں کہ القاعدہ، الشہاب اور طالبان شامل ہیں ان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔
اس سلسلے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اُس وقت (یعنی 2014 میں) ان کے سالانہ ٹرن اوور (آمدنی) کا تخمینہ تقریباً دو ارب امریکی ڈالر لگایا گیا تھا۔ فوربس کے ایک اور تجزیے میں اس رقم کو اس زمانے میں تین ارب ڈالر تک بتایا گیا تھا۔
آئی ایس آئی ایس کی فنڈنگ کا سب سے اہم ذریعہ غیر قانونی طور پر تیل کی فروخت تھی، جس سے انہوں نے روزانہ کی بنیاد پر کروڑوں ڈالر کمائے، اسکے علاوہ اغوا، تاوان کی وصولی، بھتہ ٹیکس، بینک ڈکیتی اور دکانوں و کاروبار کی لوٹ مار بھی رقوم کے حصول کے دیگر ذرائع تھے۔











