نیویارک:(ایجنسی)
لاس اینجلس کے میئر ایرک مائیکل گارسیٹی، جنہیں امریکی صدر جو بائیڈن نے ہندوستان میں اگلے امریکی سفیر کے لیے نامزد کیا ہے، نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کا احترام دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کی اہم کنجی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ’مشکل پڑوسیوں‘کے درمیان واقع ہےاور’’اپنی سرحدوں اور خودمختاری کی حفاظت اور حملوں کو روکنے‘ کی ہندوستان کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لئے امریکی کوششوں کو مزید آگے بڑھائیں گے۔
ہندوستان کے لیے امریکی سفیر کے عہدے کے لیے اپنے نام کی تصدیق کے لیے سماعت کے دوران گارسیٹی نے قانون سازوں سے کہا، ’ہندوستان مشکل پڑوسیوں کے درمیان واقع ہے۔ اگر میرے نام کی تصدیق ہو جاتی ہے تو میں اس کی سرحدوں اور خودمختاری کے دفاع کے لیے امریکی کوششوں کو آگے بڑھاؤں گا اور حملوں کو روکنے کی ہندوستان کی صلاحیت کو مضبوط کروں گا۔
گارسیٹی نے کہا کہ وہ ’معلومات کے تبادلے، انسداد دہشت گردی میں ہم آہنگی، نیویگیشن گشت کی مشترکہ آزادی اور فوجی مشقیں (جس میں میں نے اپنے ہندوستانی ہم منصبوں کے ساتھ بحریہ کے افسر کے طور پر حصہ لیا ہے) اور ہماری بہترین دفاعی ٹیکنالوجی کی فروخت کے ذریعےسے کوششیں کریں گے تاکہ ہماری بڑی دفاعی شراکت داری کو اس کی پوری صلاحیت تک آگے بڑھایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان کے نام کی تصدیق ہو جاتی ہے، تو وہ انٹرنیشنل سولر الائنس (ISA) اور ایجنڈا 2030 کلائمیٹ اینڈ کلین انرجی پارٹنرشپ کے ذریعے سبز توانائی کو فروغ دینے کے جرأت مندانہ وژن کی حمایت کے لیے ہندوستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔









