لکھنؤ: (ایجنسی)
اتر پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کی مہم کے ایک حصے کے طور پر اتوار کو شروع ہونے والی بی جے پی کی جن وشواس یاترا ریاست کے تمام 403 اسمبلی حلقوں سے گزرے گی۔ بی جے پی کے ریاستی ترجمان ہریش چندر سریواستو نے پیر کو یہ جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ پیر کو اگلے مرحلے کے لیے ریاست کے چھ خطوں سے آگے بڑھنے والی اس یاترا کا مقصد حکومت کی کامیابیوں کو عوام تک پہنچانا اور لوگوں کا اعتماد حاصل کرنا ہے۔ یہ یاترا یکم اور 2 جنوری کو اختتام پذیر ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا نے امبیڈکر نگر سے، اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے متھرا سے، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جھانسی سے، مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری نے بجنور سے، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے اس کی شروعات کی اور مرکزی وزیر خواتین واطفال برائے فلاح وبہبود اسمرتی ایرانی غازی پور سے شروعات کی۔
بی جے پی ہیڈکوارٹر سے موصولہ اطلاع کے مطابق امبیڈکر نگر سے شروع ہونے والی یہ یاتراایودھیا، گونڈہ، بلرام پور، شراوستی، بہرائچ، لکھیم پور، سیتا پور، ہردوئی، اناؤ، رائے بریلی، بارہ بنکی سے ہوتی ہوئی لکھنؤ کے کاکوری میں ختم ہوگی۔ متھرا دھام سے شروع ہونے والی یاترامتھرا سے علی گڑھ، ہاتھرس، آگرہ، فیروز آباد، مین پوری، ایٹا، کاس گنج، بدایوں، شاہجہاں پور، پیلی بھیت سے ہوتی ہوئی بریلی میں ختم ہوگی۔ بجنور سے شروع ہونے والی یہ یاترا مظفر نگر، سہارنپور، شاملی، باغپت، میرٹھ، غازی آباد، گوتم بدھ نگر، بلند شہر، ہاپوڑ، امروہہ، مراد آباد، سنبھل سے ہوتی ہوئی رام پور میں اختتام پذیر ہوگی۔
پارٹی کے مطابق جھانسی سے شروع ہونے والی یاترا للت پور، مہوبہ، باندہ، چترکوٹ، فتح پور، ےہمیر پور، جالون، اوریا، اٹاوہ، فرخ آباد، کانپور دیہات سے ہوتی ہوئی کانپور میں ختم ہوگی۔ بلیا سے یہ یاترا مئو، اعظم گڑھ، گورکھپور، دیوریا، کشی نگر، مہاراج گنج، سدھارتھ نگر، سنت کبیر نگر، بستی جائے گی۔ غازی پور سے جن وشواس یاترا چندولی، سون بھدر، مرزا پور، پریاگ راج، کوشامبی، پرتاپ گڑھ، بھدوہی، وارانسی، جونپور، سلطان پور سے ہوتی ہوئی امیٹھی میں ختم ہوگی۔









