لکھیم پور کھیری : (ایجنسی)
لکھیم پور کھیری میں ہوئے تشدد کے معاملے میں آشیش پانڈے اور لو کش کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ دونوں سے پوچھ گچھ کی جاری ہے ۔ اس واقعہ میں آشیش پانڈے اور لو کش بھی شامل تھے اور دونوں زخمی بھی ہوئے تھے ۔ دونوں سے آئی جی رینج پوچھ گچھ کررہی ہیں ۔ پولیس کو جائے واقعہ سے خالی کارتوس بھی ملے ہیں ۔ کارتوس کی فورنسک جانچ کی جائے گی ۔
لکھیم پور کھیری کے واقعہ کے بعد سپریم کورٹ نے بھی سختی ظاہر کی ہے ۔ کورٹ کے سخت رخ اختیار کرنے سے یوپی پولیس کی سرگرمی میں اضافہ ہوا ہے ۔ پولیس نے آشیش پانڈے اور لو کش نام کے دو ملزمین کو گرفتار کیا ہے ۔ دونوں پر اس گاڑی میں موجود رہنے کا الزام ہے جو جیپ تھار کے پیچھے پیچھے چل رہی تھی ۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں نظر آرہا ہے کہ جیپ تھار کچھ لوگوں کو روندتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے، اس معاملے کے سامنے آنے کے بعد سیاست بھی تیز ہو گئی ہے ۔ ساتھ ہی بی جے پی رکن پارلیمنٹ کے بیٹے کی گرفتاری کی مانگ تیز ہو گئی ہے ۔
قبل ازیں پرینکا گاندھی نے آج (جمعرات) کہا کہ لکھیم پور واقعہ کے مجرموں کو ابھی تک انصاف نہیں ملا ، انصاف کیسے ملے گا اگر وہ وزیر مملکت برائے داخلہ رہیں گے ۔ یہ سب ان کے اندر آتاہے ۔ جب تک وہ برخواست نہیں ہوں گے منصفانہ جانچ کون کرے گا؟ تینوں پریواروں نے ایک ہی بات کہی کہ معاوضہ سے مطلب نہیں ہے، ہمیں انصاف چاہئے ۔ پرینکا نے آگے کہاکہ اس کے لئے میں لڑوں گی،جب تک یہ وزیر برخواست نہیں ہوں گے اور جب تک یہ لڑکا گرفتار نہیں ہوگا تب تک میں ثابت قدم رہوں گی کیونکہ میںنے ان پریواروں سے وعدہ کیا ہے ۔ سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کے انڈر جانچ ہونی چاہئے ۔ اخلاقی بنیاد پر وزیر استعفیٰ دیں۔










