لکھنؤ؍ سون بھدر :(ایجنسی)
یوپی انتخابات میں ایک بار پھر قبرستان مسئلہ بن گیا ہے۔ سون بھدر میں اپنی ریلی کے دوران سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اکھلیش یادو نے سی ایم رہنےکےدوران غریبوںکا گھر نہیں بنایا۔ قبرستان کی باؤنڈری بنوائی کیونکہ قبرستان سے مردہ نہ بھاگ جائیں۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے کسانوں، بزرگوں اور معذوروں کے لیے حکومت کی اسکیموں کے بارے میں بات کی۔ سی ایم نے کہا کہ جن وشواس یاترا قدرتی وسائل کے نقطہ نظر سے اتر پردیش کے سب سے خوشحال اضلاع میں سے ایک سون بھدر میں آئی ہے اور ایک میڈیکل کالج کا تحفہ بھی لے کر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی تہوار آنے سے پہلے فسادات ہو جاتے تھے۔ رام لیلا کی اجازت نہیں دی جاتی تھی، دیوالی منانے کی اجازت نہیں دی جاتی تھی، درگا پوجا منانے کی اجازت نہیں دی جاتی تھی۔ فسادیوں کو جہاں جانا تھا، اسے وہاں پہنچادیاگیا ہے ۔بی جے پی رام مندر کی تعمیر کے لیے کام کر رہی ہے۔ کاشی وشوناتھ دھام کی تزئین و آرائش کی گئی۔
سی ایم یوگی نے کہا کہ غریبوں کی حکومت مہینے میں دو بار راشن دے رہی ہے۔ پچھلی حکومت میں کان کنی مافیا حاوی تھا۔ انہوں نے کہاکہ سال2017 سے پہلے پوری ریاست میں بجلی فراہم کرنےوالاسون بھدر خوداندھیرے میں رہتا تھا۔ آج یہاں بجلی کے ساتھ ساتھ ’ہر گھر میں نل یوجنا ‘ کےذریعہ سے گاؤں گاؤں میں پینے کاپانی پہنچانے کا کام تیزی سے چل رہاہے۔ ان منصوبوں کو بنانے والی تنظیم پورے 10 سال تک اس کی دیکھ بھال کرےگی اورپینے کا صاف پانی آراوکودیاجائے گا۔









