غازی آباد:(ایجنسی)
اتر پردیش میں پہلے مرحلے میں ہونے والے نامزدگی کا عمل جمعہ سے شروع ہورہا ہے۔ اس کے تحت مغربی یوپی کے 11 اضلاع کی 58 سیٹوں کے لیے نامزدگی کی جائے گی۔ تمام ضلع ہیڈ کوارٹرز میں اس عمل کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ افسران کو اسمبلی وار ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ پہلی بار ایسا الیکشن ہو گا جس میں امیدوار بغیر کسی جلوس کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے پہنچیں گے۔ اس کے علاوہ اور بھی بہت سی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ امیدواروں کو ان تبدیلیوں کو ذہن میں رکھنا ہوگا۔
پہلے مرحلے کے لیے نامزدگی کا عمل 14 جنوری سے شروع ہوگا۔ نامزدگی کی آخری تاریخ 21 جنوری اور نام واپس لینے کی تاریخ 27 جنوری ہے۔ سب سے پہلی تبدیلی یہ ہے کہ امیدوار نامزدگی میں لاؤ لشکر لے کر نہیں جائے گا۔ اس سے کورونا انفیکشن کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کورونا پروٹوکول کے تحت ہر امیدوار صرف دو سپورٹرز کے ساتھ نامزدگی ہال میں جائے گا۔ ایک امیدوار کے جانے کے بعد ہی دوسرے کو نامزدگی کرنےکی اجازت ہوگی۔
ہر کمرے میں ایک ویڈیو گرافر بھی ہوگا، جو پورے عمل کی ویڈیو گرافی کرے گا۔ کیمپس کے باہر چار ویڈیو گرافر ہوں گے۔ حفاظتی نظام اور کورونا پروٹوکول کو مدنظر رکھتے ہوئے تین سطحوں پر بیریکیڈنگ کی گئی ہے۔ انتخابی مہم چلانے کے لیے امیدواروں کو ایپ سے اجازت لینا ہوگی۔ اس کے علاوہ ایک آزاد امیدوار کو 10 تجویز کنندگان کی ضرورت ہے۔
مغربی اتر پردیش کے شاملی، میرٹھ، مظفر نگر، باغپت، میرٹھ، ہاپوڑ، غازی آباد، بلند شہر، متھرا، آگرہ اور علی گڑھ اضلاع کی 58 سیٹوں کے لیے نامزدگی کل سے شروع ہو رہی ہے۔ یہاں انتخابات پہلے مرحلے میں یعنی 10 فروری کو ہوں گے۔
غازی آباد ضلع کے ریٹرننگ آفیسر آر کے سنگھ نے بتایا کہ نامزدگی کے سلسلے میں ضلع الیکشن آفس میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ضلع ہیڈکوارٹر کے احاطے میں بیریکیڈنگ لگا دی گئی ہے۔ کورونا انفیکشن کے پیش نظر اس بار نامزدگی کے عمل میں سختی کی گئی ہے۔ امیدوار 15 جنوری تک کوئی روڈ شو نہیں کر سکیں گے تاہم آن لائن پروگرام کر سکیں گے اور متعلقہ اسمبلی کے ریٹرننگ افسر کو بھی آگاہ کرنا ہو گا۔ اورصرف پانچ افراد گھر گھر مہم میں حصہ لے سکیں گے۔











