لکھنؤ :
اترپردیش کانگریس کمیٹی میں ردوبدل کی تیاری ہے۔ الیکشن لڑنے والے عہدیداروں کی ذمہ داریاں کم ہو جائیں گی۔ وہیں انا ہل عہدیداروں کو باہر کا راستہ دکھایا جائے گا۔ نئی فہرست پر غور وخوض کیا جارہاہے ، جلد ہی باضابطہ اعلان کیاجائے گا۔
دراصل جب سے جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا یوپی کی انچارج بنی ہیں ، تب سے تنظیم کی سرگرمیوں پر خاص زور ہے ۔ سب سے پہلے پی سی سی کو مختصر کیاگیا ،تاکہ آسانی سے میٹنگ ہوسکے۔ اب تک کل تین بار کمیٹی میں بدلاؤ کیا گیا ہے ۔ ہر بارہی کچھ عہدیداروں کو کمیٹی سے باہر کردیاگیا۔ ہٹائے جانےوالے عہدیداروں کے ناموں کا ذکر نہیں کیا جاتا ہے ۔ اس طرح کے فیصلے کی بنیاد صرف نااہلی بتائی جاتی ہے ۔
ذرائع کے مطابق ہائی کمان نے ریاستی کانگریس کمیٹی میں شامل کئی رہنماؤں کو الیکشن لڑنے کے لیے گرین سگنل دیا ہے۔ ان میں سے کئی رہنما اس وقت 7-8 سے زائد اضلاع کے انچارج ہیں، جہاں جاکر انہیں کئے گئے کاموں کی رپورٹنگ ہائی کمان کو کرنی ہوتی ہے ۔
انتخابی تیاریوں میں مصروف ہونے کی وجہ سے انہیں ان اضلاع کی ذمہ داری نبھانے میں مشکل ہوگی۔ اس لئے ان عہدیداروں کے انچارج والے اضلاع کم کئے جاسکتے ہیں ۔ تنظیم کا کام ٹھیک سے نہ کرنے والے اور عوامی تحریکوں سے دور رہنے والے عہدیداروں کو ہٹایا جائےگا ۔ پارٹی کے ایک لیڈرنے نام نہ شائع کرنے کی درخواست پر بتایا کہ رد وبدل کی فہرست تقریباً تیار ہے۔ پرینکا گاندھی کی رسمی مہر لگتے ہیں اسے جاری کردیا جائےگا۔











