شاملی : (ایجنسی)
یوپی کے شاملی ضلع کے کیرانہ میں ایک پٹاخہ فیکٹری میں بھیانک دھماکے ہونے کی وجہ سے چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ اس دھماکے میں ایک درجن افراد زخمی ہوئے ہیں ، جنہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
معلومات کے مطابق دھماکہ شام تقریباً 4:45بجے راجواہے کے پاس واقع فیکٹری میں ہوا۔ دھماکہ اتنا تیز تھاکہ وہاں موجود بڑی تعداد میں لوگ اس کی زد میں آگئے۔ حادثہ کے فوراً بعد پولیس وانتظامیہ کے افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ ملبے میں دبے لوگوں کو نکالنے کا کام جاری ہے ۔
دھماکے کی آواز سننے والے لوگوں نے بتایا کہ اس کی آواز اتنی تیز تھی کہ کافی دور تک سنائی دی۔ اس سے پہلے گزشتہ سال بھی کاندھلہ میں پٹاخہ فیکٹری میں بڑاحادثہ ہوا تھا۔ وہیں آس پاس کئی اور دھماکے بھی پہلے ہو چکے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ جہاں پر دھماکہ ہوا ہے وہ آچار کی فیکٹری تھی۔ ایسے میں شک ہے کہ فیکٹری میں غیر قانونی طورسے پٹاخے بنائے جارہے ہوں ۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس فیکٹری میں کئی لوگ کام کرتے تھے، لیکن جمعہ ہونے کی وجہ سے کئی لوگ کام پر نہیں آئے تھے۔ حادثہ کےفوراً بعد موقع پر ڈی ایم اور ایس پی بھی پہنچ گئے ہیں ۔
اس سے قبل حال ہی میں کرنال کی ایک پٹاخہ فیکٹری میں دھماکہ ہو گیا تھا، ناگلہ چوک کے پاس واقع ایک پٹاخہ فیکٹری میں بارود اور کیمیکل ملاتے وقت زبردست دھماکہ ہوا تھا۔ اس دوران میکسنگ یونٹ میں کام کررہاایک ملازم شدید طور سے زخمی ہوگیا تھا۔ بارود میں ہوا دھماکہ اتنا زوردار تھاکہ پیکنگ یونٹ کی چھت پوری طرح سے تباہ ہوگئی تھی۔ زخمی ملازم کو علاج کے لیے کلپنا چاولہ میڈیکل کالج میں بھرتی کرایا گیا تھا ۔










