لکھنؤ:(ایجنسی)
بی جے پی نے اترپردیش اسمبلی انتخابات کے لیے 17 امیدواروں کی نئی فہرست جاری کی ہے۔ پارٹی نے سواتی سنگھ کا ٹکٹ کاٹ کر لکھنؤ کی سروجنی نگر سیٹ سے کابینہ وزیر سواتی سنگھ کی جگہ سابق ڈائریکٹر راجیشور سنگھ کو میدان میں اتارا ہے۔ راجیشور سنگھ لکھنؤ رینج کے آئی جی لکشمی سنگھ کے شوہر ہیں۔
ریاست کے بڑے برہمن لیڈر مانے جانے والے یوگی حکومت کے تجربہ کار وزیر برجیش پاٹھک کو اس بار لکھنؤ سینٹرل کے بجائے لکھنؤ کینٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ اسمبلی اسپیکر ہردے نارائن دیکشت کے الیکشن لڑنے سے انکار کرنے کے بعد بی جے پی نے آشوتوش شکلا کو اناؤ ضلع کے بھگونت نگر کی ان کی سیٹ سے میدان میں اتارا ہے۔ بخشی کا تالاب سے موجودہ ایم ایل اے اویناش ترویدی کا ٹکٹ کاٹ کر ان کی جگہ یوگیش شکلا کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔
دیگر سیٹوں کی بات کریں تو بی جے پی نے مہولی سے ششانک ترویدی، سیتا پور سے راکیش راٹھور، ملیح آباد سے جیا دیوی، لکھنؤ ویسٹ سے انجنی سریواستو، لکھنؤ نارتھ سے نیرج بورا، لکھنؤ ایسٹ سے آشوتوش ٹنڈن گوپال، لکھنؤ سینٹرل سے ریاستی وزیر رجنیش گپتا۔ موہن گنج سے امریش کمار، اونچہار سے امرپال موریہ ، جہان آباد سے راجندر پٹیل، گوری گنج سے چندر پرکاش مشرا مٹیاری اور چترکوٹ سے چندریکا پرساد اپادھیائے کو امیدوار بنایا ہے۔
بی جے پی نے اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی آٹھ فہرست میں اب تک کل 298 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ اتر پردیش میں 7 مرحلوں میں 10، 14، 20، 23 اور 27 فروری، 3 اور 7 مارچ کو ووٹنگ ہونی ہے۔ نتائج کا اعلان 10 مارچ کو کیا جائے گا۔











