لکھنؤ (ایجنسی)
سماجوادی پارٹی 12 اکتوبر سے جارحانہ انداز میں یوپی انتخابات میںمصروف ہوجائے گی۔ اس کے لیے پارٹی نے ’وجے رتھ یاترا‘ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس یاترا کے تحت ایس پی صدر اکھلیش یادو ریاست کے ہر ضلع اور تحصیل کا دورہ کریں گے اور ایس پی کے لیے ماحول بنائیں گے۔ وہ عوام سے تبدیلی اقتدار کی اپیل کریں گے اور عوامی حمایت مانگیں گے ۔
واضح رہے کہ شیوپال سنگھ یادو بھی 12 اکتوبر کو ہی متھرا سے سماجک پریورتن یاترا شروع کریں گے ، جس کے تحت وہ پورے پردیش کا دورہ کریں گے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ آج ریاست کی جو حالات ہیں اس سے عوام تکلیف میں ہیں۔ بی جے پی کے تئیں عوام میں غم وغصہ ہے۔ مرکزی وزیر کے بیٹے کی گاڑی کسانوں کو کچل دیتی ہے اور وہ ابھی بھی اپنے عہدہ پرفائز ہیں۔ اجے مشرا ٹیٹی کو اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دینا چاہئے اور ملزم کو فوراً گرفتار کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ بی جے پی حکومت مجرموں کو بچانے کی پوری کوشش کرے گی۔ ہم کسانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اس حکومت کو اقتدار سے بے دخل کردیں۔ لکھیم پور کھیری واقعہ کی تمام ویڈیوز جو اب تک سامنے آئی ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کا بیٹا اس پورے واقعہ میں ملوث تھا۔










