لکھنؤ : (ایجنسی)
تبدیلی مذہب گروہ کے خلاف مہم چلا رہی یوپی سرکار کے سامنے ایک حیران کر دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے ، اس میں اترپردیش کے آئی اے ایس افتخار الدین کی کچھ ویڈیوسامنے آئی ہے، جس میں وہ کچھ مسلم کمیونٹی کے لوگوں کے ساتھ بیٹھے ہیں اور تبدیلی مذہب کے فوائد بتارہے اسلامی اسکالر کو سن رہے ہیں ۔ اتنا ہی نہیں ویڈیو میں آئی اے ایس افتخار الدین مذہب اسلام کی تشہیر کی باتیں بھی کررہے ہیں ۔ ہنگامہ ہونے کے بعد اب یوپی سرکار نے معاملے کی جانچ ایس آئی ٹی سے کرانے کااعلان کیا ہے ۔
ویڈیو کب کی ہے ، کس نے شوٹ کی ہے ، یہ فی الحال واضح نہیں ہے۔ لیکن اس کے وائرل ہونے کے بعد ، ڈپٹی سی ایم کیشو پرساد موریہ نے کہا تھا کہ اس کی جانچ کرائی جائے گی۔ اس ویڈیو کے بارے میں کانپور کے بھوپندر اوستھی نے سی ایم پورٹل پر شکایت کرکے آئی اے ایس کے خلاف جانچ کی مانگ کی تھی۔ بھوپیندر اوستھی مٹھ اور مندر رابطہ کمیٹی کے قومی صدر ہیں ۔
آج تک کی خبر کے مطابق یوگی حکومت کے ترجمان سدھارتھ ناتھ سنگھ نے اس مسئلہ پر کہا کہ آئی اے ایس کو اکھلیش سرکار میں یو پی ایس آر ٹی سی کا چیئرمین بنایا تھا، ان کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد اب ایس آئی ٹی کی تشکیل دی گئی ہے جو 7 دن کے اندر اپنی رپورٹ جمع کرے گی ۔ ایس آئی ٹی میں اے ڈی جی کانپور بھی شامل ہیں ۔ سنگھ نے کہاکہ آئی اے ایس افسر تبدیلی مذہب کا کام کرے اور اپنی رہائش گاہ پر کرے یہ بالکل غلط ہے ۔

ویڈیو نے یوپی میں ہنگامہ برپا کر دیا ہے کیونکہ یہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب یوپی میں تبدیلی مذہب گروہوں کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم چل رہی ہے۔
فی الحال افتخار الدین لکھنؤ میں محکمہ ٹرانسپورٹ میں تعینات ہیں۔ وہ پانچ سال پہلے کانپور میں کمشنر کے عہدے پر تھے۔ ویڈیو میں کانپور کا ذکر ہے۔اس سے مانا جارہا ہے کہ یہ ان کی کانپور پوسٹنگ کے دوران کا ہے۔
ویڈیو میں آئی اے ایس افتخار الدین کسیگھر میں مذہبی رہنما کے ساتھ کچھ لوگوں کے سامنے اسلام قبول کرنے کے فوائد بتا رہے ہیں۔ ویڈیو میں اسلامی اسکالر حاضرین کو اسلام قبول کرنے کے فوائد کے ساتھ کئی کہانیاں سنارہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ اللہ نے اسے اترپردیش کی شکل میں ایک ایسا سینٹر دیا ہے جہاں سے پورے ملک اور پوری دنیا میں کام کیا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں آئی اے ایس افتخار الدین بھی بیٹھے ہیں۔ وہ بھی مذہب سےجڑی باتیں کرتے نظر آرہے ہیں ۔ وہ کہتے ہیں کہ اللہ کی بادشاہت اور نظامت پوری دنیا میں قائم کرنی ہے ۔
دو اور ویڈیو سامنے آئی ہیں ، اس میں آئی اے ایس افتخار الدین سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری کی کتاب کے بارے میں بتا رہے ہیں ۔ ایک ویڈیو میں وہ کہتے ہیں کہ پوری دنیا کے انسانوں کو بتاؤکہ وہ اللہ اوررسول کے مشن کو آگے بڑھائیں۔ یہاں پر جو انسان بیٹھےہیں ان کویہ کام کرنا چاہئے،ضرور کرنا چاہئے نہیں تو اللہ ان کو پکڑے گا۔ بتادیں کہ اس ویڈیو کی ابھی جانچ ہوگی، فی الحال ادارہ اس ویڈیو کی تصدیق نہیں کرتا ہے ۔










