کولکاتا : (ایجنسی)
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے طالبان کا نام لے کر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو نشانہ بنایا ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ہم کسی کو ملک تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ مغربی بنگال کے سی ایم نے کہا کہ ‘نریندر مودی جی ، امت شاہ جی ، ہم بھارت کو طالبان نہیں بننے دیں گے۔ بھارت متحد رہے گا۔ گاندھی جی ، نیتا جی ، وویکانند ، سردار ولبھ بھائی پٹیل ، گرو نانک جی ، گوتم بدھ اور جین سب مل کر اس ملک میں رہیں گے۔ ہم کسی کو بھی بھارت کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بھوانی پور میں ایک ریلی سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ بی جے پی جملہ پارٹی ہے۔ وہ لوگ جھوٹ بول رہے ہیں کہ ہم نے ریاست میں درگا پوجا اور لکشمی پوجا کی اجازت نہیں دی ہے۔ بتادیں کہ بھوانی پور سیٹ پر ممتا بنرجی کو بی جے پی کی پرینکا تبریوال کی طرف سے براہ راست چیلنج کا سامنا ہے۔ اس کے پیش نظر سی ایم نے ریلی میں بی جے پی پر تنقید کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی ایک ‘’جملہ‘ پارٹی ہے۔ وہ جھوٹ بولتے ہیں کہ ہم ریاست میں درگا پوجا ، لکشمی پوجا کی اجازت نہیں دیتے۔ لیکن اگر بی جے پی والے دفعہ 144 لگائے رہیں گے تو درگا پوجا کیسے ہوگی؟









