نئی دہلی:(ایجنسی)
آج راجیہ سبھا میں نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک مادہ (ترمیمی) بل 2021 پر بحث ہو رہی تھی۔ اس بحث میں کئی بار پارلیمنٹ کا درجہ حرارت بڑھ گیا۔ پہلے دگ وجےسنگھ نے سرکار پر الزام لگائے اس کےبعدجیہ بچن کاغصہ سرکارپر پھوٹ پڑا۔ انہوں نے سرکار کوبرے دن آنے کاشاپ تک دے ڈالا۔
جب جیہ بچن کو نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک مادہ (ترمیمی) بل 2021 پر بحث کے لیے بلایا گیا تو انھوں نے آتے ہی کہا- ‘میں آپ کا شکریہ ادا نہیں کرنا چاہتی۔ کیونکہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ جب آپ اس طرف سے چلا کر ویل میں جاتے تھے،اس وقت کو یادو کروں یا پھر آج آپ جو کرسی پر بیٹھے ہیں اس وقت کو یادو کروں۔
جیہ بچن کی بات پر بی جے پی ایم پی راکیش سنہا نے ان پر پارلیمنٹ کے وقار کو کم کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے اسپیکر کو ذاتی طور پر مخاطب کرنے کا بھی الزام لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایوان کا طریقہنہیں ہے، اس سے پارلیمنٹ کے وقار کو ٹھیس پہنچی ہے۔ کوئی بھی اس طرح چیئر کی توہین نہیں کر سکتا۔
اس وقت چیئر پر بھونیشور کلیتا بیٹھے تھے۔ انہوں نے جیہ بچن کو ایک معزز رکن کہہ کر اپنی بات کو دہرانے کو کہا۔ اس پر جیہ بچن نے کہا کہ آپ کا شکریہ کہ آپ نے مجھے معزرکن کہا، لیکن اگر آپ مجھے واقعی عزت دار سمجھتے ہیں تو میری بات غور سے سنیں۔ ہم انصاف چاہتے ہیں۔ ہم ان (حکومت) سے انصاف کی امید نہیں رکھ سکتے، لیکن کیا ہم آپ سے انصاف کی امید رکھ سکتے ہیں؟ آپ ایوان کے اراکین اور باہر بیٹھے 12 اراکین کے لیے کیا کر رہے ہیں؟
انہیں یاد دلایا جار ہا تھاکہ انہیںنارکوٹکس بل پر بولنا تھا۔ جیہ بچن نے اسپیکر بھونیشور کلیتا سے کہا، ‘آپ مت بولئے، یہ میرے بولنے کا موقع ہے.. آپ کیوں بول رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اتنے بڑے بڑے مسائل ہیں بحث کرنے کے لیے، لیکن ہم نے یہاں 3-4گھنٹے دیئے ہیں۔ صرف کلیریکل ایرر پر بات کرنے کے لیے۔ ہاں کیا ہو رہا ہے؟؟ یہ شرمناک ہے۔ انہوں نے باقی ارکان اسمبلی سے کہا کہ آپ کس کے سامنے بین بجا رہے ہیں؟ اس نے آگے کہا – دیکھو تمہارے برے دن بہت جلد آنے والے ہیں۔ اگر آپ کا رویہ ایسا ہی رہا تو آپ کے برے دن بہت جلد آئیں گے۔
انہیں پھر روکا گیا تو انہوں نے کہاکہ آپ بات ہی مت کرنے دو، پارلیمنٹ میں بھی نہ بیٹھیں، آپ لوگ ہماراگلا ہی گھونٹ دیں۔
اس پر ایک ممبر نے ان پر ذاتی تبصرہ کیا جس کی وجہ سے جیہ بچن برہم ہوگئیں اور کہا کہ اس شخص کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ کوئی کسی کے بارے میں ذاتی تبصرے کیسے کر سکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ کسی کے دل میں اپنے ساتھیوں کے لیے اور باہر بیٹھے اراکین اسمبلی کے لیے کوئی عزت نہیں ہے۔ آپ کے برے دن آئیں گے۔ میں لعنت بھیجتی ہوں۔
پارلیمنٹ سے باہر آتے ہوئے جیہ بچن نے کہا، ‘میں کسی پر ذاتی تبصرہ نہیں کرنا چاہتی۔ جو کچھ بھی ہوا بدقسمتی سے ہوا۔ اسے ایسی بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔ مجھے اس سے بہت تکلیف ہوئی ہے۔جس کے بعد ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی۔









