امریکہ نے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کیا ہے۔ اس کے بعد مشرق وسطیٰ کے حالات مزید دھماکہ خیز ہو گئے ہیں۔ ادھر ایران نے بڑا اعلان کر دیا ہے میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ نے تزویراتی لحاظ سے اہم آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی تجویز کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد دیگر ممالک میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ یقینی ہے۔یہ وہی راستہ ہے جہاں سے دنیا کی سمندری تیل کی تجارت کا ایک تہائی حصہ گزرتا ہے۔ یہ فیصلہ اتوار کو ایران کے سرکاری پریس ٹی وی نے رپورٹ کیا۔ اس کے بعد تیل کی عالمی منڈیوں اور تزویراتی حلقوں میں ہلچل مچ گئی۔
•••آبنائے ہرمز کی اہمیت کیا ہے؟
آبنائے ہرمز خلیج فارس اور خلیج عمان کو ملاتی ہے۔ یہ دنیا کے مصروف ترین اور حساس ترین تیل کے راستوں میں سے ایک ہے۔ سعودی عرب، کویت، عراق، متحدہ عرب امارات اور قطر جیسے ممالک کی تیل کی زیادہ تر برآمدات اسی راستے سے ہوتی ہیں۔
آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین سمندری راستوں میں سے ایک ہے۔ یہ راستہ تقریباً 96 میل لمبا ہے اور تنگ ترین مقام پر اس کی چوڑائی صرف 21 میل ہے۔ اس آبی گزر گاہ میں دونوں طرف سے نقل و حرکت کے لیے صرف دو میل کی شپنگ لینز ہیں جنہیں ایران کسی بھی وقت بند کر سکتا ہے۔ اسے بند کرنے کے فیصلے کے بعد اب یہ یقینی ہے کہ خام تیل کی قیمتیں آسمان کو چھو سکتی ہیں، کیونکہ جہازوں کی نقل و حرکت میں مسائل پیدا ہوں گے اور ٹرانسپورٹ کی قیمت کئی گنا بڑھ جائے گی۔ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے رکن میجر جنرل کووساری نے سرکاری میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "آبنائے ہرمز کو بند کرنے کے حق میں اتفاق رائے ہے، لیکن حتمی فیصلہ ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کرے گی۔” آپ کو بتاتے چلیں کہ یہ کونسل ملک کی اعلیٰ ترین سیکورٹی باڈی ہے اور اس کے ذریعے حتمی فوجی اور سفارتی فیصلے کیے جاتے ہیں۔