لکھنؤ :(ایجنسی)
کووڈ -19 کے انتظام کے لیے تشکیل دی گئی ٹیم -9کی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ وسیع تر عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کووڈ وبائی ایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق درج مقدمات کو ختم کیا جانا چاہیے۔ محکمہ داخلہ اس سلسلے میں ضروری کارروائی کرے۔ اس کے علاوہ تھانہ و سرکل سمیت فیلڈ میں تعینات غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ،ناقص ریکارڈ والے داغدار پولیس اہلکاروں کی فہرست جلد از جلد تیار کرکے پیش کی جائے۔ ایسے لوگ اترپردیش پولیس کی ساکھ خراب کرنے والے ہیں ۔ تمام کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں کورونا کی دوسری لہر پر موثر کنٹرول بناہوا ہے۔ آج 31 اضلاع میں ایک بھی ایکٹیو کیس نہیں ہے ، جبکہ 21 اضلاع میں ایک ایک ایکٹیو کیس باقی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں ہوئی 01لاکھ 73 ہزار 377 سیمپل کی ٹیسٹنگ میں 66 اضلاع میں انفیکشن کا ایک بھی کیس نہیں پایا گیا ۔ کل 13 نئے انفیکشن سے متاثر مریض پائے گئے ، 07 مریض صحت یاب ہو کر ڈسچارج ہوئے۔ فی الحال پردیش میں ایکٹیو کووڈ کیس کی تعداد 159 رہ گئی ہے ۔ جبکہ 16 لاکھ 86 ہزار 804 پردیش کے باشندے کورونا انفیکشن سے آزاد ہو کر صحت مند ہو چکے ہیں ۔ دوسری ریاستوں سے آرہے لوگوں کی مناسب طریقے سے جانچ ہونی چاہیے۔
ریاست میں اب تک 10 کروڑ 91 لاکھ 52 ہزار 448 کووڈ ویکسین کی خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔ آٹھ کروڑ 75 لاکھ افراد ویکسین کی پہلی خوراک لے چکے ہیں۔ یہ ویکسینیشن کے لیے اہل ریاست کی کل آبادی کا 59 فیصد سے زیادہ ہے۔ 2 کروڑ 16 لاکھ سے زائد افراد ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہیںہیں۔ دوسری خوراک کے اہل افراد کو ویکسین مقرر وقت پر دیا جانا چاہیے۔ ویکسین کی دستیابی کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت ہند کے ساتھ مسلسل رابطہ قائم رکھیں۔
امیٹھی ، امروہہ ، باغپت ، بلیا ، بلرام پور ، ایٹہ ، فرخ آباد ، فتح پور ، غازی پور ، گونڈا ، ہمیرپور ، ہاپوڑ ، ہردوئی ، ہاتھرس ، جالون ، کانپور دیہات ، کانپور سٹی ، کاس گنج ، لکھیم پورکھیری، للت پور ، مہوبا ، مین پوری ، مئو، مراد آباد ، مظفر نگر ، رام پور ، سنت کبیر نگر ، شراوستی ، وارانسی ، سیتا پور اور اناؤ میں ایک بھی کووڈ کا ایک بھی مریض باقی نہیں ہے۔ یہ اضلاع آج کووڈ انفیکشن سے پاک ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے 5 اکتوبر کو لکھنؤ پہنچنے کی تجویز ہے۔ متعلقہ پروگرام کے حوالے سے تمام تیاریاں بروقت مکمل کی جائیں۔ پروگرام میں شریک ہونے والے تمام افراد کوووڈآر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کرایا جانا یقینی بنایا جائے ۔










