کشی نگر: (ایجنسی)
سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے سنت کبیر نگر اور کشی نگر میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو کی سابقہ حکومت پر شدید حملہ کیا اور غریبوں کوملنے والےراشن کا ذکر کرتے ہوئے گھوٹالوں اور اقربا پروری کا مدعا زور شور سے اٹھایا۔ سی ایم یوگی نے 2017 میں سماج وادی پارٹی ( ایس پی) کی سرکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ پہلے راشن نہیں ملتا تھا، لیکن آج غریبوں کا راشن کوئی ہضم نہیں کر سکتا ہے ۔ 2017 سے پہلے راشن ابا جان کہنے والے ہضم کرجاتے تھے ۔
سی ایم یوگی نے کہا کہ رام بھکتوں پر گولی چلانے والی طالبان حامی ذاتی واد – ونش واد ذہنیت کو ریاست کے عوام قطعی برداشت نہ کریںگے۔ یاد رکھئے گا بچھو کہیں بھی ہوگا تو ڈسے گا۔ آج غریبوں کاراشن کوئی نگل نہیں سکتا، اگر نگلے تو جیل ضرور جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آخر کیا کمی تھی اترپردیش میں ؟ یہاں حکومت کرنے والی کانگریس، ایس پی اور بی ایس پی نے پردیش کو بیماری، بے روزگاری، مافیا راج اور بدعنوانی کےعلاوہ کیا دیا؟ اگر ترقی کی اسکیموں پر کام ہوا تو گزشتہ انتخاب میں کانگریس 7 سیٹوں پر سمٹی نہ ہوتی۔ سال 2022 میں کندھا دینے کے لیے انہیں 2 لوگ بھی نہیں ملیں گے ۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کانگریس بیماری دیتی ہے ، رام کی آستھا کی توہین کرتی ہے اور مافیا کو شفا دیتی ہے،لیکن بی جے پی شہریوں کو صحت یاب کرتی ہے ، بھگوان شری رام کے عظیم الشان مندر کی تعمیرکی راہ ہموار کرتی ہے اورمافیا کو اس مقام پر لے جاتی ہے جس کے وہ حقدار ہوتےہیں۔
سماج وادی پارٹی کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ نے کانگریس کو نشانہ بنایا اور اسے دہشت گردی کی ماں بتایا۔ سی ایم یوگی نے کہا کہ ملک کو نقصان پہنچانے والے لوگوں کو برداشت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر بی جے پی ہے تو ہر ایک کا احترام ہے ، عقیدے کا احترام ہے۔










