غزہ کی جنگ میں 20 اسرائیلی فوجی اپنے ہی ساتھیوں کے ہاتھوں مارے گئے۔ تل ابیب سے اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ فرینڈلی فائر اور آپریشنل حادثات میں 20 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے۔
اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق 13 فوجی فرینڈلی فائرنگ میں مارے گئے، کچھ اسرائیلی فوجی اپنے ہی ڈرونز اور ہیلی کاپٹر سے فائرنگ کی زد میں آئے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق کچھ اسرائیلی فوجی ٹینک کے فائر کی زد میں بھی آئے۔ فوجی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ کی زمینی لڑائی میں اب تک 105 فوجی مارے گئے ہیں۔
دوسری طرف خبر ہے کہ اسرائیل اور فلسطینی دھڑوں کے درمیان جنگ کے 67 ویں دن غزہ میں وزارت صحت نے اعلان کیا کہ اسرائیلی فورسز شمالی غزہ کی پٹی میں کمال عدوان ہسپتال پر دھاوا بول دیا ہے۔
’اے ایف پی‘ کے مطابق ترجمان اشرف القدرہ نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسزنے کمال عدوان ہسپتال کا کئی دنوں تک محاصرہ کرنے اور بمباری کرنے کے بعد اس پر دھاوا بول دیا۔
القدرہ نے مزید کہا کہ اسرائیلی فورسز اس وقت ہسپتال کے صحن میں طبی عملے سمیت مردوں کو جمع کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ "ہمیں خدشہ ہے کہ انہیں اور طبی عملے کو گرفتار کر لیا جائے گا یا ا نہیں قتل کردیاجائے گا”۔









