امپھال:منی پور تشدد میں مرنے والوں کی تعداد اب بڑھ کر 54 ہو گئی ہے۔دریں اثنا ریاست کے چورا چند پور میں اس وقت چار افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جب سیکورٹی فورسز میتی کے لوگوں کو علاقے سے نکال رہے تھے۔ میتی لوگوں کو بے دخل کیا جا رہا ہے کیونکہ ایک دوسرے کے علاقوں میں رہنے والے کوکی اور میتی اقلیتی برادری کے درمیان تصادم ہوا ہے۔چوراچند پور میں فائرنگ کا واقعہ ریاست کی اکثریتی میتی برادری اور کوکی قبیلے کے درمیان جھڑپوں کے بعد پیش آیا. گولی باری اس وقت ہوئی جب قبائلیوں نے مبینہ طور پر علاقے سے میتیوں کو نکالنے میں مداخلت کرنے کی کوشش کی۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ منی پور میں اب تک 54 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ جن میں سے 16 کی لاشیں چوراچند پور ضلع اسپتال کے مردہ خانے میں رکھی گئی ہیں، جبکہ 15 لاشیں جواہر لال نہرو انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، امپھال ایسٹ میں ہیں۔ اس کے علاوہ امپھال ویسٹ میں لامفیل کے علاقائی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز نے 23 لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے ریاست میں فوج اور آسام رائفلز کے تقریباً 10 ہزار جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔







