مقبوضہ بیت المقدس: فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی دہشت گردی سے مزید 6 فلسطینی شہید اور کئی دیگر زخمی ہوگئے۔
فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق کم از کم 11 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، جس کی وجہ سے شہادتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے ایک گھر کا گھیراؤ کیا ہوا تھا اور اس پر راکٹ فائر کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فوجی گاڑیوں کے ساتھ ایک ہیلی کاپٹر شہر میں داخل ہورہا ہے۔
اسرائیلی فوج نے نابلس میں پناہ گزینوں کے جنوبی کیمپ میں بھی چھاپا مارا اور وہاں سے 3 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس اسرائیلی فوج کی دہشت گردی سے اب 68 فلسطینی جب کہ مقامی اسرائیلی قبضہ گیروں نے کم از کم 5 فلسطینیوں کو شہید کیا ہے۔








