متھرا :(ایجنسی)
متھرا میں کرشنا جنم بھومی عیدگاہ مسجد تنازع پر بھی عدالت میں سماعت ہوگی۔ متھرا کی ضلعی عدالت نے مقدمہ چلانے کی اجازت دے دی ہے۔ ضلعی عدالت نے یہ فیصلہ سول جج کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواست پر دیا ہے۔ کرشنا جنم بھومی سے متصل عیدگاہ مسجد کو ہٹانے کی عرضی پر عدالتی کارروائی کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔ متھرا کی عدالت نے جمعرات کو ’کرشنا جنم بھومی‘ یا بھگوان کرشن کی جائے پیدائش کے قریب واقع شاہی عیدگاہ مسجد کو ہٹانے کا مطالبہ کرنے والے مقدمے کی اجازت دے دی۔ کرشنا جنم بھومی اراضی سے ہٹانے کا مطالبہ کرنے والی شاہی عیدگاہ مسجد کے خلاف مقدمہ کی اجازت دیتے ہوئے، فیصلے نے مسجد کے خلاف عدالت میں سماعت کی راہ ہموار کر دی ہے۔
کرشنا جنم بھومی کیس کی سماعت یکم جولائی کو ہوگی۔ جمعرات کو سول جج سینئر ڈویژن، متھرا کی عدالت میں مدعی منیش یادو کیس میں شری کرشنا ویراجمان کی جانب سے ان کے وکیل دیوکی نندن شرما کے ذریعہ دو درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ متھرا کی شاہی عیدگاہ کی 24 گھنٹے نگرانی کی جائے۔ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں۔ ڈی ایم، ایس ایس پی اور سی آر پی ایف کے کمانڈنگ آفیسر کو اس کی نگرانی کا ذمہ دار بنایا جائے۔ پرنسپل سیکریٹری داخلہ شاہی عیدگاہ کی مکمل نگرانی کریں۔
مزید کہا گیا کہ چونکہ گیان واپی میں شیولنگ پایا گیا ہے، اس لیے شاہی عیدگاہ کے ہندو نشان مٹائے جا سکتے ہیں۔ اس لیے اے ایس آئی کو یہاں بھیجیں تاکہ وہ یہاں موجود پتھر وغیرہ کی نشاندہی کریں اور دیکھیں کہ یہ ان کے دائرہ کار میں آتا ہے یا نہیں اور تفصیلی رپورٹ دیں۔ عدالت نے دونوں درخواستوں پر سماعت کے لیے یکم جولائی کی تاریخ مقرر کی ہے۔
اس سے پہلے منگل کو، متھرا کی عدالت میں جاری شری کرشنا جنم بھومی-شاہی عیدگاہ تنازع کیس میں، شاہی عیدگاہ کمپلیکس کو سیل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ متھرا کی عدالت میں جاری شری کرشنا جنم بھومی-شاہی عیدگاہ تنازع کیس میں شری کرشنا جنم بھومی آندولن کمیٹی کے صدر اور ایک معاملے میں مدعی وکیل مہندر پرتاپ سنگھ نے درخواست دائر کی تھی اور شاہی عیدگاہ کمپلیکس کو سیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ سنگھ کے مطابق اس معاملے کی سماعت یکم جولائی کو ہوگی۔









