ہری دوار :(ایجنسی)
ہری دوار میں دھرم سنسد کے منتظم اور غازی آباد کے ڈاسنا مندر کے پجاری یتی نرسنگھانند گری نے پبلک لائف کو چھوڑنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے ویڈیو جاری کرکے کہا وہ اپنی پرانی غلطیوں کے لئے معافی مانگ رہے ہیں ۔
جونا اکھاڑہ کے مہامنڈلیشور اور ڈاسنا مندر کے پجاری یتی نرسنگھانند گری نے ہریدوار میں ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی عوامی زندگی چھوڑ رہے ہیں اور آج سے ان کی نئی زندگی شروع ہو رہی ہے۔ وہ اپنی پرانی زندگی کی غلطیوں پر معافی مانگتے ہیں۔
یتی نرسنگھانند نے کہا کہ وہ یہاں جتیندر تیاگی عرف وسیم رضوی کو لینے آئے تھے، لیکن وہ ان کے آنے سے پہلے ہی چلے گئے ہیں، انہیں رہا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اور ہم یہاں تک ساتھ تھے۔ میری وجہ سے وہ چار ماہ سے زیادہ جیل میں رہے، حالانکہ وہ مجرم نہیں تھے۔ انہوں نے صرف سچ کہا۔ میں خود کو اس کا ذمہ دار سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اب میں اپنی باقی زندگی ماں اور مہادیو کے یگیہ اور یوگیشور کے فروغ میں گزارنا چاہتا ہوں۔ آج سے میری زندگی عوامی زندگی نہیں ہے۔
بتادیں کہ یتی نرسنگھانند گری ہمیشہ ایک کمیونٹی کے خلاف اشتعال انگیز اور متنازع بیانات کے لیے بحث میں رہتے ہیں۔ انہوں نے ہی وسیم رضوی کو مذہب تبدیل کرایا۔ اس کے علاوہ یتی نرسنگھانند ہری دوار میں دھرم سنسد کے منتظم بھی رہ چکے ہیں، جس میں ایک برادری کے خلاف اشتعال انگیز نعرے لگائے گئے تھے۔









