متھرا:(ایجنسی)
متھرا شاہی عیدگاہ کو ہٹانے سے متعلق ایک معاملے میں سول جج سینئر ڈیویژن کی عدالت میں سوموار کو ایک درخواست دے کر عیدگاہ میں موجود مسجد کو مندر کا مرکزی مقام ہونے کا دعویٰ کیاگیا ہے۔ عدالت سے اس کے شدھی کرن کی درخواست کی گئی۔ یہ عرضی ایسے وقت میں دائر کی گئی ہے جب ورانسی کی گیان واپی مسجد کو لے کر قانونی لڑائی چل رہی ہے۔
درخواست گزار دنیش چند شرما نے اسی طرح کی ایک عرضی ۱۹ مئی کو عدالت میں دائر کی تھی جس میں شاہی مسجد عیدگاہ میں لڈوگوپال کا ابھیشیک کرنے کی اجازت مانگی تھی ۔ سول جج سینئر ڈویژن نے ابھی ان کے کسی عرضی میں کوئی حکم جاری نہیں کیا ہے۔
دنیش چند شرما نے اپنے وکیل دیپک شرما کے ذریعہ26 فروری2021کو سول جج سینئر ڈویژن کی عدالت میں شاہی عید گاہ کو ہٹانے کی درخواست کی تھی اس مقدمے میں یوپی سنی سینٹرل وقف بورڈ، انتظامیہ کمیٹی شاہی مسجد عیدگاہ، شری کرشنا جنم سیوا سنستھان اور شری کرشنا جنم بھومی ٹرسٹ کو فریق بنایاگیا تھا۔ دونوں عرضیوں میں عرضی گزار نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ شاہی مسجد عیدگاہ کے اندر کٹرا کیشودیو مندر کا مرکزی مقام موجود ہے، اور اسی مقام کو گنگا اور یمنا کے پانی سے شدھ کرنے کی درخواست مدعی کے ذریعہ سول جج سینئر ڈویژن کی عدالت میں آج درخواست کے ذریعہ کی گئی ہے۔ اس معاملے کی سماعت اب یکم جولائی کو ہوگی۔









