نئی دہلی (نامہ نگار)
برسوں سے نیم مردہ اورقومی سیاست میں اپنے وجود کی خاطر سافٹ ہندوتوا کے راستے پر چل رہی کانگریس نے آل انڈیا مسلم مجلس مشا ورت کی پیٹھ تھپتھپاتے ہوئے مشاورت کے حالیہ دوروزہ اجلاس کے انعقادپر مبارکباد پیش کی ہے۔ واضح رہے یہ دوروزہ اجلاس20,21مئی کو نئی دہلی میں ہوا تھا ۔جس میں ملک کے مختلف حصوں سے مندوبین آئے تھے۔

پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے صدر مشاورت نوید حامد کے نام خط لکھ کراجلاس پر اپنی مسرت کا اظہار کیا ۔23مئی کو لکھے گئے خط میں پرینکا نے کہا کہ آزادی کی لڑائی سے ہی ہمارے ملک میں قومی مفاد سے جڑے مختلف ایشوز پر تبادلہ خیال کا صحت مندانہ ماحول رہا ہے ۔انہوں نے آگے لکھا ہے کہ مثبت غوروفکر کے ماحول سے آئینی اقدار کے تحفظ اورملک کی ترقی کے حوالہ سے اچھے خیالات سامنے آتے ہیں۔ مشاورت نے آپسی تبادلہ خیال کی اسی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے موجود حالات پر کامیاب سیمینار کا انعقاد کیا، اس کے لیے میں آپ کو اور پوری ٹیم کو مبارکباد دیتی ہوں۔ قابل ذکر ہے کہ یہ خط سوشل میڈیا پر بھی ڈال دیا گیا ہے اور وائرل ہورہا ہے ۔









