لکھنؤ :(ایجنسی)
سماج وادی پارٹی کے دبنگ لیڈر اعظم خاں 23 ماہ بعد سیتا پور جیل سے رہا ہونے کے بعد ایک بار پھر سیاست میں سرگرم ہوگئے ہیں۔ ان کے جیل سے رہائی کے بعد یوپی کی سیاست بھی گرم ہوگئی ہے۔ پرگتی شیل سماج وادیپارٹی کے لیڈر شیو پال یادو کی اعظم خاں سے خفیہ میٹنگ کے چرچے کا بازار بھی گرم ہے۔ اس دوران منگل کو ایس پی لیڈر اعظم خاں نے لکھنؤ میں میڈیا سے کھل کر بات کی۔ انہوں نے ای ڈی کی تحقیقات، کپل سبل سمیت دیگر سیاسی مسائل پر اپنا موقف رکھا۔
اعظم خان نے سب سے پہلے اپنی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا- میری طبیعت ابھی ٹھیک نہیں ہے۔ کمزوری ہے اور کھڑے ہونے میں بھی مسئلہ ہے لیکن اگر میں ایوان میں منتخب ہوا ہوں تو ایوان میں ضرور آؤں گا۔
میرا جہاز ہی کافی ہے: اعظم خان
اعظم خاں نے شیو پال یادو سے ملاقات پر کہا- میں شیو پال جی سے پہلے بھی ملا ہوں اور ملتا رہوں گا۔ صرف انہیں سے کیوں اور بھی لوگوں سے ملاقات ہوگی۔ہاں لیکن ابھی تک میں نے ایک لائن کھینچ رکھی تھی، کسی بھی کشتی کی طرف نہیں گیا۔ نہ ہی اس پر سوار ہوا، لیکن اب دعا -سلام سبھی سے ہونا چاہئے۔ جب سب چائے – ناشتہ کرتے ہیں ساتھ بیٹھ کر تو کیا میں نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی میں کسی کشتی کی طرف نہیں دیکھ رہاہوں کیونکہ ابھی میرا جہاز ہی کافی ہے۔ بتا دیں کہ خبر ہے کہ کل شیوپال اور اعظم خاں کی خفیہ میٹنگ ہوئی تھی۔ اعظم خاں کے سرکاری رہائش گاہ پر کل شام شیوپال پہنچے تھے ، اس دوران دونوں کے درمیان آدھے گھنٹے تک تبادلہ خیال ہوا۔ اس میٹنگ میں عام انتخابات کے ساتھ ہی اسمبلی سیشن کو لے کر بات چیت ہوئی ۔
کپل سبل کوایس پی راجیہ سبھا بھیجتی ہے تو مجھے خوشی ہوگی
اعظم خاں نے سپریم کورٹ میں کانگریس لیڈر اور وکیل کپل سبل کے راجیہ سبھا جانے کی بحث پر بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ دیکھیں اگر سماج وادی پارٹی کپل سبل کو راجیہ سبھا بھیجنے کی بات کر رہی ہے تو یہ اچھی بات ہے۔ وہ اس کے مستحق ہیں۔ اگر کپل سبل کو راجیہ سبھا بھیجا جاتا ہے تو سب سے زیادہ اگر کسی کو خوشی ہوگی تو مجھے ہوگی۔
ملائم سنگھ یادو پر کوئی تبصرہ نہیں
جب اعظم خاںسے پوچھا گیا کہ کیا ملائم سنگھ یادو نے کبھی ان کی خیریت دریافت کی؟ اس پر اعظم نے کہا- دیکھئے ملائم سنگھ یادو بہت بڑے لیڈر ہیں۔ ان کے بارے میں کوئی تبصرہ کرنا مناسب نہیں لگتا۔ وہ اپنی مرضی کے مالک ہیں، اس لیے سب ان کی عزت کرتے ہیں۔
اکھلیش نے جیل میں مجھ سے ملنے کی کوشش کی ہوگی
اعظم خاںسے اکھلیش یادو کے بارے میں بھی پوچھا گیا کہ وہ جیل میں ان سے کبھی نہیں ملے۔ اس پر اعظم خاں نے کہا کہ میرے اندر اکھلیش یادو کو لے کر کوئی ناراضگی نہیں ہے۔ انہوں نے مجھ سے ملنے کی کوشش کی ہو گی، اس میں یقین کرنے کی کوئی بات نہیں۔ انہوں نے کوشش کی ہوگی۔
میراتو سارا جہاں ہی گھر ہے…
ای ڈی کی تحقیقات پر اعظم خاں نے کہا کہ میں یہاں 40 سال سے رہ رہا ہوں لیکن یہ الگ بات ہے کہ ای ڈی نے مجھ سے پوچھا ہے کہ دنیا میں آپ کے کتنے ہوٹل، کوٹھیاں، بینک بیلنس اور جائیدادیں ہیں۔ اعظم خاں نے کہا کہ میرے پاس رہنے کو گھر نہیں ہے ساراجہاں ہمارا ہے۔
میں رام پور ضمنی انتخاب میں امیدوار نہیں ہوں گا
اکھلیش کے ساتھ اسمبلی میں بیٹھنے پر اعظم خاں نے کہا کہ اگر یہ فقیر کسی کے ساتھ بیٹھے گا تو وہ فقیر ہی کہلائے گا۔ اکہ نہیں کہا جائے گا۔ رام پور میں لوک سبھا ضمنی انتخاب پر اعظم نے کہا کہ میں ضمنی انتخاب میں امیدوار نہیں ہوں گا۔ کوئی اور ہو۔ مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے اور میں اس کے بارے میں کچھ نہیں جانتا ہوں۔ میں نے اپنی حدود اور نظم و ضبط میں رہنا سیکھ لیا ہے۔
میں کوئی غلط فیصلہ نہیں کرنے جا رہا ہوں
اعظم خاں نے کہا کہ اگر کسی کے ذہن میں یہ بات آرہی ہے کہ میں ڈمیج ڈسیزن لینے والا ہوں اور کسی کو نقصان پہنچانے والا ہوں تو وہ صحیح نہیں ہے ۔ میرے جو رشتے سبھی سے رہے ہیں وہ آگے بھی رہیں گے ۔









